امن معاہدے کے بعد بھی اسرائیلی بربریت ، 9 فلسطینی شہید

غزہ :(مشرق نیوز)امن معاہدے پر دستخط کے بعد بھی غزہ میں اسرائیلی بربریت ، 9 فلسطینی شہید ہوگئے،عرب میڈیا کے مطابق غزہ شہر کے شجاعیہ علاقے میں اسرائیلی فورسز نے فلسطینیوں کو نشانہ بنایا، خان یونس میں ڈرون حملے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے،ملبے تلے سے مزید 250 شہدا کی لاشیں نکال لی گئیں،ہیوی مشینری کی کمی اور بارودی مواد کی وجہ سے کام شدید سست روی کا شکار ہے۔

علاوہ ازیںاسرائیل نے غزہ جنگ بندی معاہدے کے باوجود اعلان کیا رفح کراسنگ بند اور غزہ جانے والی امداد کو کم کیا جائے گا،فیصلہ تب تک برقرار رہے گا جب تک تمام اسرائیلی یرغمالیوں کی لاشیں واپس نہیں کی جاتیں۔

دوسری جانب عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی قید سے رہا ہونے والے فلسطینیوں نے تشددو ذلت کی کہانیاں سنائیں، سابق قیدی نے اوفر جیل کو ”ذبح خانہ“ قرار دےدیا،ابو سیدو کے مطابق اسرائیلی قید خانوں میں ناقابل بیان تشدد، بھوک اور نفسیاتی اذیتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

جیل میں اسرائیلی فوجیوں نے بتایا تمہارے بچوں کو مار دیا، غزہ ختم ہو گیا ،غزہ پہنچنے پر خبر ملی بچے و خاندان کے دیگر افراد خیریت سے ہیں، گھر پہنچ کر بچوں کو دیکھا تو سکتے میں آگیا۔

قید ی نے کہاروز ایک بار نہیں، ہزار بار مرتے تھے،نیند ،کھانے کا ذائقہ تک بھلا دیا گیا، رات کے وقت پانی پھینک کر تشدد کیا جاتا اور ہر ممکن طریقے سے اذیت دی گئی،بھوکہ ہی جیل میں گیا اور بھوکہ ہی رہا ہوا، غزہ میں داخل ہوا تو تباہی دیکھ کر لگا جیسے قیامت کا منظر ہو،عالمی برادری تمام فلسطینی قیدیوں کی فوری رہائی کےلئے اقدام کرے۔

دریں اثنا حماس نے جنگ بندی معاہدے کے تحت 20 یرغمالیوں کی رہائی کے بعد 4 مغویوں کی لاشیں بھی اسرائیل کے حوالے کردیں،چاروں مغویوں کی لاشیں بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی کے ذریعے حوالے کی گئیں،حماس نے کہاباقی 24 لاشوں کو نکالنے میں وقت لگ سکتا ہے کیونکہ تدفین کے تمام مقامات کا علم نہیں۔