لاہور (مشرق نیوز) ایشیا کپ 2025 کے گزشتہ روز ہونے والے فائنل میں 41 برس بعد پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آمنے سامنے آئیں تاہم قومی کرکٹ ٹیم اس امتحان میں فیل ہوگئی۔ ایشیا کپ کے سب سے بڑے مقابلے میں قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حارث روف سب سے مہنگے بولر ثابت ہوئے۔
انہوں نے بغیر کسی وکٹ 3.4 اوورز میں 13.63 کی اوسط سے 50 رنز دئیے جبکہ 2 اوورز میں 30 رنز دے کر جیتا ہوا میچ بھارتی ٹیم کو پلیٹ میں سجا کر دے دیا۔ بدترین بولنگ کے باوجود آخری اوور حارث روف سے کروانے کے فیصلے پر کپتان سلمان علی آغا پر بھی انگلیاں اٹھ گئیں۔
حارث روف سمیت پاکستانی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی پر جہاں سوشل میڈیا صارفین سوال اٹھا رہے ہیں وہیں شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات بھی انہیں تنقید کا نشانہ بنا رہی ہیں۔ اداکارہ و میزبان مشی خان نے قومی ٹیم کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انہیں سفارشی قرار دے دیا اور کہا کہ آپ لوگ کھیلنے یا مقابلہ کرنے نہیں جاتے، کیونکہ انہیں پتہ ہے کہ ہم کھیلیں یا نہ کھیلیں ہمیں ٹیم میں ہونا ہے۔ آپ کی باڈی لینگویچ ہی نہیں ہے میچ کھیلنے اور جیتنے والی، آپ لوگ ان ٹورنامنٹ میں پارٹیاں کرنے جاتے ہیں۔
انہوں نے حارث روف کو مخاطب کرتے ہوئے سوال کیا کہ کیا آپ سلاد کیلئے مرچیاں کاٹ کے آئے تھے؟ آپ کے ہاتھوں میں کوئی مسئلہ تھا جو گیند بار بار سلپ ہو رہی تھی؟ اداکارہ نے کہا کہ آپ لوگوں نے فائنل میں پوری دنیا کے سامنے بے عزت کردیا، لگ رہا تھا گلی محلے کی کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ اداکار عثمان خالد بٹ نے ایکس پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ مبارک ہو پاکستان جیتا ہوا میچ ہار گیا۔
عالمی شہرت یافتہ گلوکار علی ظفر نے بھی سوشل میڈیا پر خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کہ میری سمجھ سے باہر ہے کہ حارث روف کو آخری اوور کیوں دیا؟
ایشیا کپ کے فائنل میں شکست، شوبز کی معروف شخصیات حارث روف سے نالاں



















