آٹے کی قیمتوں پر پنجاب حکومت ، فلور ملز مالکان میں معاملات طے

لاہور، اسلام آباد (کامرس رپورٹر+ بیورو رپورٹ) آٹے کی قیمتوں کے حوالے سے پنجاب حکومت اور فلور ملز مالکان میں معاملات طے پاگئے،ذرائع کے مطابق فلور ملز نے محدود مقدار میں آٹا سپلائی کرنے پر آمادگی ظاہر کردی ہے جس کے بعد پنجاب بھر کی 800 ملز دوبارہ کھل جائیں گی،فلور ملز 10 اور 20 کلو آٹے کا تھیلا سرکاری نرخوں پر مارکیٹ میں سپلائی کریں گی جبکہ حکومت فلور ملز کو ایک لاکھ ٹن گندم ماہانہ دے گی،2 ملٹی نیشنل کمپنیوں نے 25 لاکھ بوری گندم 3 ہزار روپے من میں فراہم کرنے پر آمادگی ظاہر کر دی، ملٹی نیشنل کمپنیوں کے نمائندے ڈی جی فوڈ سے ملاقات میں مقدار اور طریقہ طے کرینگے، دوسری جانب ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) نے ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی کی درآمد کیلئے ٹینڈر کھول دیا،ٹی سی پی کو گزشتہ ٹینڈر کے مقابلے میں کم ریٹ پر 5 بولیاں موصول ہوئیں جس سے متعلق رپورٹ جاری کردی گئی ہے،رپورٹ میں بتایا گیا ہے ٹی سی پی نے چینی کے ایک لاکھ میٹرک ٹن کا ٹینڈر 8 ستمبر کو کھولا جس کے تحت 545 سے لیکر 578.50 ڈالرز فی میٹرک ٹن بولیاں موصول ہوئیں، ٹی سی پی کو ٹینڈر کے تحت کم سے کم بولی545 ڈالرز فی میٹرک ٹن ملی جو یو اے ای کی کمپنی نے دی،ذرائع کے مطابق ٹی سی پی چینی کا ٹینڈر ایوارڈ کرنے سے متعلق فیصلہ بعد میں کرے گا۔