سانحہ سریاب روڈ کیخلاف8ستمبر کو بلوچستان میں پہیہ جام ہڑتال ہوگی،محمود اچکزئی
کوئٹہ:(بیورورپورٹ)بلوچستان کی سیاسی جماعتوں نے سریاب روڈ سانحہ کیخلاف 8 ستمبر کو پہیہ جام اور شٹر ڈاون کا اعلان کردیا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمود اچکزئی نے کہا شاہوانی سٹیڈیم کے قریب خودکش حملہ انسانیت کے قتل کے مترادف ہے،کیا جرم کیا بچوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے؟ جلسہ کرنا آئینی حق ہے ،ڈنکے کی چوٹ پر جمہوریت کے حق میں نعرے لگاتے رہیں گے،بلوچستان پاکستان کا اٹوٹ انگ ہے ، وسائل پر مقامی لوگوں کا حق تسلیم کیا جائے،8 ستمبر کو پرامن احتجاج کے دوران ٹرین و جہاز سروسز معطل ہوں گی۔
سردار اختر مینگل نے کہا دھماکہ سیاسی جدوجہد کو دبانے کی سازش ہے لیکن خوفزدہ نہیں ہوں گے،خطرے کی اطلاع تھی تو ہاکی گراونڈ میں جلسے کی اجازت کیوں نہ دی گئی؟۔
نیشنل پارٹی کے کبیر نے کہا موجودہ اسمبلیوں میں عوام کے حقیقی نمائندے موجود نہیں ، بلوچستان کے ساحل و وسائل وفاق کے حوالے کیے جا رہے ہیں، حقیقی جمہوریت کےلئے جدوجہد جاری رہے گی۔
اے این پی کے اصغر خان اچکزئی نے کہا بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے وسائل وبال بن گئے،اسلام آباد ،راولپنڈی سے بنائی جانے والی پالیسیاں بلوچ و پشتون اقوام کے روزگار کو تباہ کر رہی ہیں۔
پی ٹی آئی کے داور شاہ کاکڑ نے کہا فارم 47 حکومت کی کوئی حیثیت نہیں،وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی سمیت کابینہ کو مستعفی ہونا چاہیے، علامہ ولایت جعفری نے کہا ظالم کبھی باقی نہیں رہتا اور بندوق کے زور پر کچھ حاصل نہیں کیا جا سکتا،ایک دن میں 100 جنازے اٹھانے والے اپنے مقصد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔


















