سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، مکمل بحالی تک تعاون جاری رہیگا :کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل اور ڈپٹی کمشنر شاہد محمود نے چیچہ وطنی کا دورہ کیا اور کمالیہ روڈ اوورہیڈ برج پر سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے گورنمنٹ ہائی سکول شیخ طیب میں قائم میڈیکل کیمپ اور فلڈ ریلیف کیمپ کا معائنہ کیا اور متاثرہ افراد سے ملاقات کر کے ان کے مسائل سنے۔ کمشنر ساہیوال نے ریلیف کیمپ میں تعینات عملے کو ہائی الرٹ رہنے اور متاثرین کی بھرپور خدمت کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت پنجاب سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیگی اور ان کی مکمل بحالی تک ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔ فلڈ ریلیف کیمپ میں مقیم افراد میں راشن کی تقسیم کے عمل کو تسلسل سے جاری رکھنے اور شفاف انداز میں مکمل کرنے کی ہدایت بھی دی گئی۔ انہوں نے دریا کے کنارے آباد دیہات میں امدادی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو خطرے سے دوچار آبادیوں کی فوری محفوظ مقامات پر منتقلی یقینی بنانے کی تاکید کی۔ دورے کے دوران محکمہ لائیو سٹاک اور زراعت کی جانب سے جانوروں کے چارے کی تقسیم اور دیگر سہولیات کا بھی معائنہ کیا گیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کیپٹن (ر) اسامہ مجید، اسسٹنٹ کمشنر جاوید ممتاز اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔