مخالفین جھوٹا پروپیگنڈا کررہے ہیں،صرف جانیں بچانے کی ہدایت دی :مریم نواز

لاہور (اپنے رپورٹر سے) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جھنگ کے فلڈ ریلیف کیمپ کے قریب فیلڈ ہسپتال کا دورہ کیا، وزیر اعلیٰ نے فیلڈ ہسپتال میں ادویات، سیلاب متاثرین کو علاج معالجہ کی فراہمی کے حوالے سے دریافت کیا،مریم نواز نے ریلیف کیمپ میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اقدامات کا جائزہ لیا اور جھنگ شہر سے ملحقہ حفاظتی بند کا بھی تفصیلی دورہ کیا، وزیر اعلیٰ کی آمد پر عوام کا جم غفیر امڈ آیا، مریم نواز نے ننھی بچی سے شفقت کا اظہار کیا، معمر خاتون نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کا ہاتھ تھام کر دعائیں دیں،مریم نواز نے ریلیف کیمپ میں موجود لوگوں سے بات چیت بھی کی، خواتین اور بچوں میں گھل مل گئیں، وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا مخالفین جھوٹا پروپیگنڈا کررہے ہیں، میں نے کسی کو نہیں کہا یہاں بند توڑیں یا وہاں توڑیں یا میں نے کسی کی فیکٹری کو بچانے کا کہا، میں نے صرف جانیں بچانے کی ہدایت دی ہے، اگر میری بھی فیکٹری ہو تو میں کہوں گی آبادی کو بچائیں، جہاں جہاں متاثرین کو مدد کی ضرورت ہے وہاں وہاں مدد پہنچائیں، آبادی کو بچانا ہے، لوگوں کی جانوں کو بچانا ہے۔