عالمی بینک پاکستان کو 40 ارب ڈالر قرض دے گا،پیکیج تیار

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) عالمی بینک نے پاکستان کیلئے انتہائی سستا قرض پیکیج تیار کر لیا، آئندہ 10 برسوں میں مجموعی طور پر 40 ارب ڈالر فراہم کیے جائیں گے،اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے تحت پاکستان کو 20 ارب ڈالر کا قرض صرف 2 فیصد رعایتی شرح سود پر ملے گا جو کہ آئی ڈ ی اے (انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ ایسوسی ایشن) اور آئی بی آر ڈی (انٹرنیشنل بینک فار ری کنسٹرکشن اینڈ ڈویلپمنٹ) کے ذریعے فراہم کیا جائے گا،مزید 20 ارب ڈالر نجی سرمایہ کاری کے فروغ کےلئے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کے ذریعے نسبتا ًزیادہ شرح سود پر دیے جائیں گے،حکام کے مطابق قرض ماحولیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے خطرات، غیر متوقع بارشوں اور سیلاب سے نمٹنے، غربت میں کمی، غذائی قلت اور چائلڈ سٹنٹنگ پر قابو پانے، بہتر تعلیم، زرعی ترقی اور شمولیت پر مبنی معاشی سرگرمیوں پر خرچ ہوگا،اس کے علاوہ صاف توانائی کے فروغ، گرین ہاﺅس گیسز کے اخراج میں کمی، فضائی آلودگی پر قابو پانے، ٹرانسپورٹ، صنعت اور تعمیرات کے شعبوں میں بھی یہ فنڈز استعمال ہوں گے،اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک پر عملدرآمد کےلئے قومی پلان کی تیاری آخری مراحل میں ہے جس کے مکمل ہوتے ہی عالمی بینک کی جانب سے فنڈز کی فراہمی شروع کر دی جائے گی، پیکیج پاکستان کے معاشی محاذ پر بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے جو نہ صرف ترقیاتی منصوبوں بلکہ پائیدار اور صاف توانائی پر مبنی معیشت کی جانب بھی اہم قدم ثابت ہوگا۔