محکمہ مسلم اوقاف کی مجرمانہ غفلت ،مزارات کی ناقص سکیورٹی، زائرین دہشت گردوں کے رحم و کرم پر

لاہور (قمر عباس) محکمہ مسلم اوقاف کی مجرمانہ غفلت، شہر میں مختلف مقامات میں مزارات کی سکیورٹی زیرو، زائرین کی جان و مال کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا، گارڈز کی فراہمی کے حصول میں ناقص حکمت عملی سے اقدامات کاغذی کاروائی تک محدود ہیں۔ تفصیلات کے مطابق لاہور بھر میں اولیاءکرام کے مزارات پر انتظامات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی بجائے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے جس کی وجہ سے زائرین کو کافی مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ محکمہ اوقاف کی جانب سے ان مزارات کو زریعہ آمدن بنا رکھا ہے متعدد مزارات پر سیاسی آشیر باد کے حامل افسران کو منیجر تعینات کر رکھا ہے زرائع کے مطابق مزارات پر مقامی اور دیگر شہریوں سے آنے والے زائرین کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے سکیورٹی انتظامات نا ہونے کے برابر ہے جو کہ کسی وقت نا خوشگوار واقعہ کا سبب بن سکتی ہے ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر کی اہم شاہراوں پر موجود مزارات پر بھی سکیورٹی نا کافی ہے۔ اسی طرح شہر کے اندرون میں بھی مزارات پر آنے والے زائرین کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ رکھا ہے۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ مزارات کے بیرونی راستوں پر پنجاب پولیس کی طرف سے سکیورٹی فراہم کی جانے کی ذمہ داری ہے لیکن ان کی طرف سے بھی اس حساس مقامات پر سکیورٹی کی فراہمی کو یقینی بنانے کی بجائے کاغذی جمع تفریق جاری ہے جو کہ اوقاف کی طرف سے سہولیات کی فراہمی کی بجائے وسائل کو ختم کرنے کی منصوبہ بندی اختیار کی گئی ہے لاہور کے مختلف مزارات پر سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے محکمہ اوقاف کی جانب سے دربار پیر مکی راوی روڈ میاں میر سرکار دھرم پورہ ،چاہ میراں ،گھوڑے شاہ دربار ،شاہ جمال سرکار ،میاں میر ،قصور سرکل میں بلھے شاہ وغیرہ مزارات شامل ہیں جن پر سکیورٹی نا ہونے کے برابر ہے زرائع کے مطابق ان مزارات پر یومیہ کثیر تعداد میں زائرین حاضری دیتے ہیں اور نذرانہ کی ادائیگی کرتے ہیں اس مد میں آمدن حاصل ہوتی ہے لیکن ان مزارات پر وسائل کی فراہمی نا ہونے کی وجہ سے زائرین کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ربیع الاول کی آمد پر زائرین کی تعداد میں عام ایام کی نسبت اضافہ دیکھنے میں آتا ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر اوقاف کی طرف سے سیکیورٹی میں کسی قسم کے اقدامات نہیں کئے جا سکے جو کہ زائرین کی پریشانی میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے مسلم اوقاف کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دربار کی حدود میں سکیورٹی کی ذمہ داری اوقاف کی ہے جبکہ بیرونی ایریا پر سکیورٹی کی فراہمی دینا پولیس اور سٹی انتظامیہ کی ہے اس حوالے سے مزارات پر سکیورٹی انتظامات اوقاف کی جانب سے تسلی بخش ہیں۔