اسلام آباد (مشرق نیوز) نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں سلامتی کونسل کے صدر کی حیثیت سے عالمی امن و سلامتی اور تنازعات کے پر امن حل کیلئے پاکستان کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے ان مقاصد کو آگے بڑھانے کیلئے پاکستان کی جانب سے اپنے دور صدارت میں منعقد کئے جانے والے دستخطی پروگراموں پر بھی روشنی ڈالی، دونوں رہنماوں نے آئندہ ہفتے نیویارک میں سلامتی کونسل کی صدارت سے متعلق سرگرمیوں کے دوران ملاقات اور تعاون پر اتفاق کیا۔ نائب وزیراعظم نے اقوام متحدہ اور اس کے عملے کو اِن کے مینڈیٹ کی موثر ادائیگی میں سہولت فراہم کرنے میں پاکستان کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا۔
دوسری طرف چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کی دعوت پر پاکستان کے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار آج سے 16 جولائی تک چین کے شہر تیاجن میں ہونے والے ایس سی او وزرائے خارجہ کونسل اجلاس میں شرکت کریں گے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطاق اجلاس میں چین، بیلاروس، بھارت، ایران، قازقستان، کرغزستان، روس، تاجکستان اور ازبکستان کے وزرائے خارجہ شریک ہوں گے، ایس سی او وزرائے خارجہ کونسل کے دوران اسحاق ڈار دیگر ملکوں کے وزرائے خارجہ کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔
اسحاق ڈار ، انتونیو گوتریس کا رابطہ، سلامتی کونسل کی صدارتی سرگرمیوں پر گفتگو



















