حمیرا اصغر کے تین موبائل، ٹیبلٹ اور لیپ ٹاپ سے اہم ڈیٹا مل گیا

کراچی (مشرق نیوز) کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 میں اپنے فلیٹ میں مردہ پائی جانے والی اداکارہ حمیرا اصغر کے کیس میں پولیس نے اہم پیشرفت کرتے ہوئے ان کے استعمال شدہ الیکٹرانک آلات سے ڈیٹا اکٹھا کرلیا ہے۔ تفتیشی ٹیم نے حمیرا کے تین موبائل فونز، ایک ٹیبلٹ اور لیپ ٹاپ تک رسائی حاصل کرلی، جن کے پاس ورڈز ان کی ڈائری میں محفوظ تھے۔

ذرائع کے مطابق پولیس نے اس ڈیٹا کی مدد سے مزید سراغ حاصل کرنے کی کوششیں تیز کردی ہیں۔ اس سلسلے میں دو افراد کے بیانات بھی ریکارڈ کیے جا چکے ہیں، جبکہ مزید دو افراد سے پوچھ گچھ کے لیے انہیں طلب کیا گیا ہے۔ تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ حمیرا اصغر باقاعدگی سے جم اور بیوٹی پارلر جایا کرتی تھیں، اسلئے انکے جم ٹرینر اور دیگر متعلقہ افراد سے بھی معلومات لی جائیں گی۔

پولیس نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ مرحومہ اداکارہ کا کچھ مخصوص افراد سے مسلسل رابطہ رہتا تھا جن کے بارے میں تفصیلات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔ علاوہ ازیں ان کے بینک اکاونٹس کی بھی جانچ پڑتال جاری ہے تاکہ کسی بھی مشتبہ لین دین یا مالی معاملات کی نشاندہی کی جا سکے۔