ن لیگ نے اقتدار میں آکر ہمیشہ عوامی فلا ح و بہبود کیلئے کام کیا :سلمان رفیق

لاہور (اپنے رپورٹر سے) صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت حلقہ پی پی 153 میں اہم تقریب کا انعقادکیاگیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر انفراسٹرکچر واسا سہیل سندھو، واسا ایکسین سلیمان، میاں عرفان، آغا علی رضا، طارق انجم، سید اخلاص شاہ، وہاب ملک، واسا نمائندگان و دیگر کارکنوں نے شرکت کی۔صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر نئے واٹر ٹینک کی تنصیب کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا۔صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے تقریب کے شرکا ءسے اپنے خطاب میں کہاکہ حلقہ پی پی 153 کی آبادی کو یہ تحفہ دینے پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے شکر گزار ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی قیادت میں عوامی خدمت کا سفر الحمدللہ جاری ہے۔صوبائی وزیرصحت نے اس پراجیکٹ کی کامیابی کیلئے متعلقہ افسران کی کاوشوں کو سراہا۔خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ حلقہ پی پی153میں سیوریج، پینے کے صاف پانی اور صفائی ستھرائی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے۔تاج پورہ،ہربنس پورہ اور بٹ چوک کے علاقہ مکینوں کیلئے بھی آسانیاں پیداکی جارہی ہیں۔عوام کے تعاون کے بغیر کوئی پراجیکٹ بھی کامیاب نہیں ہوسکتا۔مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اقتدارمیں آکرہمیشہ عوام کی فلا ح و بہبودکیلئے کام کیا ہے۔ دریں اثناءصوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق نے پی ڈی ایم اے ہیڈ آفس کا دورہ کیا۔خواجہ سلمان رفیق نے موسمی صورتحال اور مون سون بارشوں کا جائزہ لیا۔ایڈیشنل ڈی جی پی ڈی ایم اے سید جواد حیدر اور ڈائریکٹر حمیداللہ ملک نے صوبائی وزیر کو مون سون بارشوں بارے بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ9 جولائی تک پنجاب کے دریاوں میں پانی کی صورتحال میں غیر معمولی اضافے کا خدشہ ہے۔دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔ڈیرہ غازیخان کے رود کوہیوں میں فلیش فلڈنگ کی وارننگ بھی جاری کر دی گئی ہے۔لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور راولپنڈی ڈویڑن میں اربن فلڈنگ کا خدشہ برقرار ہے۔ ریسکیو 1122 کو تمام تر انتظامات کو پیشگی مکمل کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبہ بھر کی انتظامیہ کو مون سون بارشوں بارے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ رواں سال مون سون بارشیں معمول سے 25 فیصد زیادہ ہونے کی پیشگوئی ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق انتظامیہ واسا اور ریسکیو ادارے الرٹ ہیں۔پی ڈی ایم اے کنٹرول روم و صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹرز الرٹ ہیں۔ شہریوں کے تحفظ کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ صوبائی وزیرصحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ واسا سمیت تمام ادارے الرٹ رہیں اور نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کو یقینی بنائیں۔شہری پی ڈی ایم اے پنجاب کی جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔دریاو¿ں نہروں اور ندی نالوں میں ہرگز نہ نہائیں۔انتظامیہ دریاو¿ں نہروں اور ندی نالوں کے اطراف دفعہ 144 کا نفاذ یقینی بنائے۔