نادیہ جمیل کی ”بیوی کو شوہر کی ماں بننے سے“ متعلق بیان پر وضاحت

کراچی (مشر ق نیوز) پاکستان شوبز کی سینئر اداکارہ اور سماجی کارکن نادیہ جمیل نے حالیہ انسٹاگرام پوسٹ پر وضاحت جاری کی ہے جس میں انکے شوہروں کو ”ماں بن کر سنبھالنے“ سے متعلق بیان کو غلط انداز میں پیش کیا گیا تھا۔

ایک وائرل ویڈیو میں نادیہ جمیل نے کہا تھا کہ ”لڑکیوں کو اپنے شوہروں کی ماں نہیں بننا چاہئے اور شوہروں کو بیویوں سے انکا خیال رکھنے کی امید نہیں کرنی چاہئے ان کا دل کریگا تو وہ کریں“ جس کو کئی لوگوں نے بیوی کے شوہر کا خیال رکھنے اور دیکھ بھال کے کردار کو مسترد کرنے کے طور پر لیا۔ تاہم نادیہ نے اب اس پر وضاحت پیش کی ہے کہ ان کا مقصد ماں کے کردار کی اہمیت کو کم کرنا نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ ”ماں کی جگہ کوئی نہیں لے سکتا، نہ ہی لینی چاہیے۔ شوہر اور بیوی کا ایک دوسرے کا خیال رکھنے کا انداز مختلف ہوتا ہے۔ وہ برابر کے شریک ہوتے ہیں، لیکن ماں کی پرورش ایک الگ اور بے مثال چیز ہے“۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ اور ان کے شوہر ایک دوسرے کی دیکھ بھال کرتے ہیں لیکن ایک دوسرے کی ماں نہیں بنتے۔ نادیہ نے زور دیا کہ ہر رشتہ مختلف ہوتا ہے اور محبت کے اظہار کا طریقہ ہر جوڑے کا ذاتی معاملہ ہے۔