واشنگٹن (مشرق نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اس ہفتے حماس کے ساتھ معاہدہ طے پانے اور جنگ بندی کے قوی امکانات ہیں۔ برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے واشنگٹن روانگی سے قبل صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے معاہدے کا مطلب ہے کہ ’کافی تعداد میں یرغمالیوں‘ کو رہا کیا جا سکتا ہے۔
ٹرمپ آج وائٹ ہاوس میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے ملاقات کریں گے۔ دوسری جانب اپنے ٹروتھ سوشل میڈیا پر پیغام میں امریکی صدر نے کہا کہ ’میں یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس کر رہا ہوں کہ امریکہ کے ٹیرف خطوط، یا دنیا بھر میں مختلف ممالک کے ساتھ کئے گئے معاہدوں کا اعلامیہ آج جاری کیا جائیگا، اس معاملے پر آپ کی توجہ کا شکریہ‘
ایک الگ پیغام میں انہوں نے کہا کہ ’کوئی بھی ملک جو برکس کی امریکہ مخالف پالیسیوں کے ساتھ خود کو جوڑے گا، اس پر اضافی 10 فیصد ٹیرف عائد کیا جائے گا، اس پالیسی میں کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں دی جائیگی، اس معاملے پر آپ کی توجہ کا شکریہ!‘
دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ وہ غزہ میں قید اسرائیلیوں کی واپسی کو یقینی بنانے اور اسرائیل کیلئے حماس کے خطرے کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں، یہ بیان انہوں نے پیر کے روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات سے قبل دیا۔
’رائٹرز‘ نے رپورٹ کیا کہ واشنگٹن روانہ ہونے سے قبل اپنے بیان میں نیتن یاہو نے یہ بھی کہا کہ جنگ بندی مذاکرات کیلئے قطر جانے والے اسرائیلی مذاکرات کاروں کو واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ ان شرائط پر جنگ بندی کا معاہدہ کریں جنہیں اسرائیل قبول کر چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’میرا یقین ہے کہ صدر ٹرمپ کے ساتھ ہونے والی بات چیت ان نتائج کو آگے بڑھانے میں یقینی طور پر مدد دے سکتی ہے۔ فلسطینی اسلامی جہاد ، جو حماس کے ساتھ جنگ بندی کے مذاکرات کا حصہ رہی ہے، نے تصدیق کی ہے کہ اس کا وفد قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچ گیا ہے۔ الجزیرہ نے رپورٹ کیا کہ ایک مختصر بیان میں کہا گیا ہے کہ پی آئی جے کے سیکرٹری جنرل زیاد النخالہ اس وفد کی قیادت کر رہے ہیں تاکہ جنگ بندی کے معاہدے پر مذاکرات کئے جا سکیں۔
اس ہفتے حماس کیساتھ معاہدہ ہونے، جنگ بندی کے قوی امکانات ہیں، ٹرمپ

















