نواز شریف کو مائنس کرنے والے خود مائنس ہو گئے،مریم نواز


لاہور :(اپنے رپورٹر سے) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازنے کہا ہے نواز شریف کو مائنس کرنے والے خود مائنس ہو گئے، علیمہ خان نے بانی پی ٹی آئی کے مائنس ہونے کا اعتراف کر لیا، پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا بجٹ دینا اور کوئی ٹیکس نہ لگانا معجزہ ہے، عوام سے کیا ہر وعدہ پورا کردیا،کسی قسم کی تفریق سوچ نہیں ہو سکتی۔

پنجا ب اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا جنوبی پنجاب کے نام پر کتنی حکومتیں بنائی اور گرائی گئیں،ن لیگ نے اعلانات کی بجائے عملی اقدامات کیے،پینے کے صاف پانی کا سب سے بڑا منصوبہ جنوبی پنجاب سے شروع کرنے جا رہے ہیں،میرا مقابلہ کسی اور نہیں اپنی ہی جماعت کے بڑوں نواز،شہباز سے ہے، صوبے بھر میں عوام کی بلا تفریق خدمت کر رہے ہیں، اقلیتی ،کسان کارڈ دیئے۔

مریم نواز نے کہاجنوبی پنجاب کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، میرے لیے پنجاب کا ہر گاوں، تحصیل ایک جیسی ہے، عوام کو حق دہلیز تک پہنچایا جا رہا ہے،تاریخی بجٹ کی منظوری پر اراکین اسمبلی کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں،پورے پاکستان کو بھارت کےخلاف فتح مبارک ہو،ایران پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرتی ہوں، پاکستان امن کے اصولوں پر چلنے والی پرامن ریاست ہے،قوم ایران کےساتھ کھڑے ہونے پر قابل ستائش ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہاپنجاب کا 30 سال سے ڈومیسٹک قرضہ تقریباً ختم ہو چکا ،کوئی نیا ٹیکس لگانے کی بجائے ٹیکس نیٹ کو وسیع کیا ،نتیجے میں ریونیو بڑھا،نواز شریف کے ایجنڈے کے مطابق بجٹ بنایاگیا،اپنے اراکین اسمبلی کے صبر،بردباری کو سیلوٹ پیش کرتی ہوں۔

مریم نواز کی تقریر کے دوران اپوزیشن اراکین نے سپیکر کی رولنگ ہوا میں اڑا دی اور سیٹوں سے اٹھ کے احتجاج ،نعرے بازی کرتے رہے۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے کہا محرم الحرام کے دوران مجالس ،جلوسوں کی ڈرون کوریج پر مکمل پابندی ہے، خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی،سوشل میڈیا پر فرقہ واریت ،نفرت انگیزی پھیلانے والوں سے آہنی ہاتھوں نمٹا جائےگا، دشمن کے ہر حربے سے باخبر متحد ہیں۔