بجٹ کی منظوری پر اتحادیوں کاشکریہ،مثالی اتحاد ترقی کو یقینی بنائے گا،وزیراعظم

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیراعظم شہبازشریف نے کہاہے بھارتی جارحیت میں اللہ رب العزت نے شاندار فتح سے ہمکنار کیا، افواج پاکستان، پوری سیاسی قیادت، عوام، سول سوسائٹی اور میڈیا نے یکجہتی سے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا۔

اراکین سینٹ و قومی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہاعوام دوست بجٹ بنانے کیلئے معاشی ٹیم کی شب و روز محنت شامل ہے،عوامی امنگوں کی ترجمانی کرنےوالا بجٹ تشکیل دینے پرتمام اتحادی جماعتوں کا مشکور ہوں،ملکر پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے دن رات محنت کرنی ہے،یقین محکم ہے مثالی اتحاد پاکستان کی معاشی ترقی کو یقینی بنائے گا۔

وزیراعظم نے کہا بھارت کیخلاف فتح سے اقوام عالم میں پاکستان کا وقار بلند ہوا،چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں سفارتی وفد نے پاکستان کاموقف واضح اور بھارت کے ناپاک عزائم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا،سفارتی وفد کو نہ صرف بین الاقوامی سطح پر پذیرائی ملی بلکہ سمندر پار مقیم پاکستانیوں نے وفد کا شاندار استقبال کیا اورسفارتی و فوجی فتح پر حکومت اور افواج کو بھر پور خراج تحسین پیش کیا۔

شہبازشریف نے کہا اسرائیلی جارحیت کے دوران پاکستان نے ایرانی حکومت و برادر عوام کےساتھ ہر سطح پر یکجہتی کا اظہار کیا،جنگ کے دوران ایرانی قیادت بالخصوص صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کےساتھ مکمل رابطے میں تھا،اسرائیل ایران تنازع کے حل سے خطے میں امن و خوشحالی کے دروازے کھلیں گے۔