لاہور (سٹاف رپورٹر) پاکستان بزنس فورم کے وفد نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر سے پنجاب ہاو¿س میں ملاقات کی، جس کا مقصد صوبے سے متعلق اہم معاشی اور کاروباری ترقی کے امور پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔ وفد میں پی بی ایف کے چیف آرگنائزر چوہدری احمد جواد، چیئرمین نارتھ پنجاب طارق محمود جدون، صدر لاہور ساجد میر، ایڈیشنل سیکرٹری جنرل سنٹرل پنجاب حسن رضا، نائب صدور لاہور علی رضا اور وقار خان، اور گورنر کے سیاسی مشیر عمر سلیم شامل تھے۔ملاقات کے دوران کاروباری برادری اور صوبائی حکومت کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے، سرمایہ کاری کے فروغ، کاروباری ماحول کی بہتری، اور پنجاب میں جاری اقتصادی اصلاحات کی حمایت جیسے اہم نکات پر گفتگو کی گئی۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے معیشت کی ترقی میں نجی شعبے کے کردار کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت ایسی پالیسیاں اپنائے گی جو صوبے میں پائیدار کاروباری ترقی کو فروغ دیں۔انہوں نے سیاسی استحکام کو معاشی استحکام کیلئے ناگزیر قرار دیا اور ان تمام کاروباری افراد کو خراج تحسین پیش کیا جو تمام تر مشکلات کے باوجود ملک میں اپنے کاروبار جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہیں۔ صدر لاہور ساجد عزیر میر نے اس موقع پر کہا حالیہ برسوں میں پاکستان نے تجارت اور درآمدات کے شعبے میں جدیدیت کے نام پر کئی اصلاحات متعارف کروائی ہیں جن میں دسمبر 2024 میں نافذ کیا گیا ”فیس لس کسٹمز اسیسمنٹ سسٹم“قابل ذکر ہے۔ اس نظام کا مقصد کرپشن کا خاتمہ، شفافیت میں اضافہ، اور کلیئرنس کا عمل تیز کرنا تھا، لیکن عملی طور پر اس نے درآمد کنندگان کیلئے سنگین مسائل پیدا کئے ہیں اور ملک کی معیشت، تجارت اور سرمایہ کاری کو نقصان پہنچایا ہے۔ اس سسٹم میں درآمد کنندگان اور کسٹمز اہلکاروں کے درمیان براہ راست رابطہ ختم کر دیا گیا ہے، اور آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے ویلیوایشن اور دستاویزات کی جانچ ہوتی ہے، جس سے بدعنوانی میں کمی تو آئی نہیں، بلکہ کلیئرنس میں غیر ضروری تاخیر، غیر منصفانہ ویلیوایشن، اپیل کے موثر نظام کی عدم موجودگی اور غیر ضروری دستاویزات کا مطالبہ جیسے مسائل پیدا ہوئے۔ اس کے نتیجے میں نہ صرف درآمدات مہنگی ہو گئیں بلکہ صنعتوں کو خام مال کی قلت، کاروباری لاگت میں اضافہ، اور چھوٹے تاجروں میں خوف کی فضا پیدا ہوئی ہے۔ مرکزی طور پر کراچی میں سسٹم کا نفاذ خشک بندرگاہوں کو غیر موثر بنا رہا ہے، جس سے ملک بھر میں ہزاروں افراد بے روزگار ہو رہے ہیں۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی آڈٹ رپورٹ کے مطابق نہ صرف ریونیو کلیکشن میں کمی آئی ہے بلکہ یہ نظام کسٹمز ایکٹ کی متعدد شقوں کی خلاف ورزی بھی کرتا ہے۔ اس تمام صورتحال کے پیشِ نظر ضروری ہے کہ حکومت تاجروں کو شراکت دار سمجھے، ا±ن سے مشاورت کرے، پالیسی کو لچکدار بنائے اور اس سسٹم کو تمام بندرگاہوں پر یکساں طور پر نافذ کر کے تجارتی اعتماد بحال کرے تاکہ پاکستان کی معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔ گورنر نے اس مسئلے کو چیئرمین ایف بی آر کے ساتھ اٹھانے پر یقین دہائی کروائی۔
حکومت پائیدار کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے پرعزم ہے: گورنر پنجاب

















