لاہور (اپنے رپورٹر سے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی ہدایت پر صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق کی زیرصدارت ڈیرہ غازی خان میں اجلاس منعقد ہوا۔اس موقع پر سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، ایڈیشنل آئی جی چوہدری سلطان اور ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب کامران خان نے شرکت کی۔ ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ راو¿ عبدالکریم اور ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عثمان گوندل نے بھی شرکت کی۔ کمشنر ڈی جی خان اشفاق احمد چوہدری اور آر پی او سجاد حسن منج نے انتظامات بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ ڈی جی خان ڈویژن میں تمام 1360 جلوس اور 4658 مجالس کے انتظامات مکمل ہیں۔203 مقررین و ذاکرین کی ضلع بندی اور 95 کی زباں بندی کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ڈویژن میں 5027 مساجد، 581 امام بارگاہوں اور 2484 مدارس کی سکیورٹی ترتیب دی گئی ہے۔بریفنگ میں مزیدبتایاگیاکہ پولیس کی امداد کیلئے آرمی کی 8 اور رینجرز کی 9 کمپنیاں تعینات کی جائیں گی۔ڈی جی خان میں 181 افراد کو فورتھ شیڈول میں شامل کیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔تمام مکاتب فکر محرم الحرام مذہبی عقیدت و احترام اور پ±رامن انداز میں گزارنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔پنجاب بھر میں امن کمیٹیاں متحرک اور مثبت کردار ادا کر رہی ہیں۔صوبائی سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہاکہ محکمہ داخلہ پنجاب میں قائم مرکزی کنٹرول روم صوبہ بھر سے رپوٹ لے رہا ہے۔جلوس اور مجالس کے اختتام تک ڈیوٹی پر تعینات تمام عملہ موجود رہے۔ڈی جی خان، لیہ، مظفرگڑھ، کوٹ ادو اور راجن پور سے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز نے بھی بریفنگ دی۔دریں اثنا خواجہ سلمان رفیق نے سردار فتح محمد خان بزدار انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی ڈیرہ غازیخان کا دورہ کیا۔اس موقع پر او پی ڈی، ایمرجنسی، میڈیسن سٹور، فارمیسی، آپریشن تھیٹرز و دیگر وارڈز میں طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔صوبائی وزیرصحت نے پی آئی ٹی بی کو کیو مینجمنٹ سسٹم فعال کرنے کی ہدایت کی۔مریضوں کی عیادت کی اور طبی سہولیات بارے دریافت کیا۔اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر رمضان سومرو بھی موجود تھے۔صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام تک صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔ ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج معالجے میں غفلت برداشت نہیں کی جائیگی۔حکومت پنجاب کی جانب سے بجٹ میں صحت کے شعبہ پر خاص توجہ دی گئی ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ مریضوں کیلئے آسانیاں پیدا کرنا اولین ترجیح ہے۔عوام کو ان کے گھر کی دہلیز پر صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
محرم الحرام میں سکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات یقینی بنائے جا رہے ہیں:خواجہ سلمان رفیق



















