اسلام آباد: (بیورورپورٹ)آئینی بنچ نے 39 اراکین اسمبلی کی حد تک پی ٹی آئی کو نشستیں دینے کے فیصلے پر عملدرآمد کی استدعا مسترد کردی۔
سماعت کے دوران جسٹس علی مظہر نے ریمارکس دیئے کیاالیکشن کمیشن نے 39 اراکین کو پی ٹی آئی کا ڈکلیئر کردیا ، وکیل فیصل صدیقی نے موقف اپنایا 39 اراکین کی حد تک تناسب طے کرکے نشستیں نہیں دی گئیں،ڈی جی لا الیکشن کمیشن نے کہا فارمولا طے کرکے نشستیں دیں گے، جسٹس حسن اظہر رضوی نے استفسار کیا کیا اوروں کو دے دیں؟ ڈی جی لا الیکشن کمیشن نے جواب دیا ابھی کسی کو نہیں دیں۔
جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا 80 نشستوں کے تناسب سے تو 22 یا 23 مخصوص نشستیں بنتی ہیں،جسٹس علی مظہر نے ریمارکس دیئے جب 39 اراکین کو پی ٹی آئی کا ڈکلیئر کردیا گیا تو تناسب سے مخصوص نشستیں کیوں نہیں دیں؟،وکیل الیکشن کمیشن نے موقف اپنایا پارلیمنٹ نے قانون بنایا جس میں کہا گیا کاغذات نامزدگی میں سیاسی وابستگی ظاہر کردی جائے تو تبدیلی نہیں ہو سکتی، قانون کا اطلاق ماضی سے کیا گیا، معاملے پر نظرثانی دائر کر رکھی جو زیر التوا ہے۔
فیصل صدیقی نے کہا اگر عدالتی فیصلے پر عملدرآمد نہیں ہوتا تو مجھے سپریم کورٹ کے مستقبل کی فکر ہے،بعدازاں آئینی بنچ نے 39 اراکین اسمبلی کی حد تک پی ٹی آئی کو نشستیں دینے کے فیصلے پر عملدرآمد کرانے کی استدعا مسترد کردی۔
39اراکین کی حد تک PTIکو نشستیں دینے کے فیصلے پر عملدرآمد استدعا مسترد



















