عمران کا پولی گرافک ٹیسٹ سے انکار ٹرائل سے بچنے کی کوشش ہے،تحریری فیصلہ
لاہور: (کورٹ رپورٹر)سابق وزیراعظم وبانی پی ٹی آئی عمران خان کا پولی گرافک ٹیسٹ سے انکار ٹرائل سے بچنے کی کوشش ہے،خصوصی عدالت نے 3 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔
فیصلے میں کہا گیا عام ملزم ٹیسٹ سے انکار نہیں کر سکتا، لیکن بانی پی ٹی آئی نے دونوں مواقع ضائع کیے،عدالت کے پاس ایسا کوئی اختیار یا مشینری نہیں جس سے زبردستی ٹیسٹ کرایا جا سکے، تیسرا موقع دینے کی ضرورت نہیں، عدالت کو مثبت نتیجے کی امید نہیں رہی،ضد اور مسلسل انکار کے باعث کوئی نتیجہ حاصل نہ ہو سکا۔
عدالت نے اظہار تعجب کیا ایسی صورتحال میں تفتیش مکمل کیسے کی جا سکتی ہے؟ عدالت کو محسوس ہوتا ہے بانی پی ٹی آئی ٹیسٹوں سے انکار کر کے ٹرائل سے بچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
جج منظر علی گل نے فیصلے میں مزید کہا اگرچہ ملزم کے وکیل کی بات سے اتفاق ہے عدالت کسی کو زبردستی ٹیسٹ کرانے پر مجبور نہیں کر سکتی لیکن ملزم کا مسلسل انکار تفتیشی عمل میں رکاوٹ ہے، عدالت نے ہدایت دی تفتیشی افسران تفتیش کو تکنیکی بنیادوں پر مکمل کریں۔



















