خوشخبریوں کا موسم،پی ٹی آئی کو ترقی برداشت نہیں،پنجاب حکومت

لاہور:( اپنے رپورٹر سے)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے پاکستان کے دیوالیہ ہونے کا خواب دیکھنے والوں کو کوئی خوشخبری ہضم نہیں ہوتی،بجٹ میں عوام کو ریلیف دیا گیا لیکن کچھ عناصر چاہتے تھے پاکستان سری لنکا بن جائے اور آئی ایم ایف سے معاہدہ نہ ہو۔

ڈی جی پی آر میں وزیر بلدیات ذیشان رفیق کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا پی ٹی آئی کو ملکی ترقی ، بہتری برداشت نہیں اب عناصر ”واشنگٹن چلو“کی مہم چلا رہے ہیں،ایک سال میں پنجاب حکومت نے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں، آئی ایم ایف دباﺅ کے باوجود وفاقی حکومت نے متوازن ،عوام دوست بجٹ پیش کیا،پاکستان میں خوشخبریوں کا موسم ہے۔

وزیراطلاعات نے کہا حکومتی پالیسیوں سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ،سٹاک ایکسچینج مسلسل نئے ریکارڈ قائم کر رہی ہے،عید کے دوران پنجاب بھر میں بہترین صفائی انتظامات پر عوام نے وزیراعلیٰ کو دعائیں دیں، کچھ لوگ پارلیمنٹیرینز کی تنخواہوں پر اعتراض کرتے ہیں مگر یہ ذکر نہیں کرتے وزیراعظم ،وزیر خزانہ تنخواہیں نہیں لیتے، عوام کو جاننا چاہیے اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں آخری بار کب اضافہ ہوا۔

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا عید کے 3دن صفائی کے مثالی انتظامات کیے گئے،3لاکھ 15ہزار 669آلائشیں ٹھکانے لگائی گئیں،موصول ہونےوالی 12ہزار شکایات کا بروقت ازالہ کیا گیا۔