مریضوں کی آسانی کیلئے سرکاری ہسپتالوں کی صلاحیت میں اضافہ کیا جا رہا ہے:خواجہ سلمان رفیق

لاہور (اپنے رپورٹر سے) صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے فاطمہ جناح انسٹیٹیوٹ آف ڈینٹل سائنسز جوبلی ٹاون کا تفصیلی دورہ کیا۔خواجہ سلمان رفیق سے ڈین اور فیکلٹی نے ملاقات کی۔ڈین ڈاکٹر الیاس نے دانتوں کی بیماریوں کے علاج کیلئے آنے والے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے مختلف وارڈزکا دورہ کرکے مریضوں سے ملاقات اور عیادت بھی کی۔سٹورروم میں ادویات کا سٹاک سمیت دیگر انتظامات کا جائزہ لیاگیا۔صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ فاطمہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف ڈینٹل سائنسز میں ایچ آر سمیت دیگر امور میں بہتری کیلئے اقدامات اٹھارہے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف صحت کے شعبہ میں تاریخی و انقلابی اقدامات اٹھارہی ہیں۔خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ مریضوں کی آسانی کیلئے سرکاری ہسپتالوں کی صلاحیت میں تیزی سے اضافہ کیاجارہا ہے۔پنجاب میں نئے سرکاری ہسپتال بناکرعوام کو ان کی دہلیزپر صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔فاطمہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف ڈینٹل سائنسزمیں مریضوں کو جدید علاج کی سہولیات فراہم کرنا اوّلین ترجیح ہے۔صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے کام میں تاخیر پر کنٹریکٹرز اور ایکسین پر اظہار برہمی جبکہ کام مقررہ وقت پر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔صوبائی وزیر نے انتظامیہ کو آپریشن تھیٹر جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ مریضوں کی آسانی کیلئے جنریٹر جلد فعال کر دیا جائے گا۔انہوں نے انسٹیٹیوٹ میں ایچ ویک سسٹم کو جلد فعال کرنے کی بھی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے پنجاب میڈیکل فیکلٹی کا دورہ کیا۔اس موقع پر سیکرٹری ڈاکٹر شعیب اسلم و دیگر موجود تھے۔خواجہ سلمان رفیق نے پنجاب میڈیکل فیکلٹی کے ایگزی مینیشن سمیت دیگر شعبہ جات کا دورہ کیا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے سیکرٹری پنجاب میڈیکل فیکلٹی ڈاکٹر شعیب اسلم کو امور میں بہتری لانے کی ہدایت کی۔پنجاب میڈیکل فیکلٹی کو آئندہ الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز کے امتحانات کو مربوط نظام کے تحت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔پنجاب میڈیکل فیکلٹی کو الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز کے کریکولم بہتر بنانے اور اوورآل نظام میں بہتری لانے کی بھی ہدایت کی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ امتحانات میں 37 ہزار سے زائد امیدوران حصہ لیں گے۔