بجٹ پر بدستور ڈیڈلاک،آئی ایم ایف نے اہداف پر اعتراضات عائد کردئیے


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)بجٹ پر بدستور ڈیڈلاک،آئی ایم ایف نے اہداف پر اعتراضات اٹھا تے ہوئے ترقیاتی منصوبوں کے مالی بوجھ پر تشویش کا اظہار کردیا،اہم وزارتوں کے درمیان بھی اختلافات سامنے آگئے۔

رپورٹ کے مطابق ترقیاتی منصوبوں کا تھرو فارورڈ 10 ہزار ارب روپے سے متجاوز کرگیا،وزیراعظم شہباز شریف نے وزارت منصوبہ بندی سے 500 جاری ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات طلب کر لیں،ذرائع کے مطابق مہنگے انفراسٹرکچر منصوبوں کے باعث حکومت کو ترقیاتی بجٹ کی منظوری میں مشکلات کا سامنا ہے۔

وزارت خزانہ و منصوبہ بندی میں بھی اختلافات سامنے آگئے، بجٹ اہداف پر اتفاق نہ ہونے سے آئندہ مالی سال کی منصوبہ بندی تاخیر کا شکار ہے،سالانہ منصوبہ بندی رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس ملتوی کردیا گیا، نئی تاریخ بعد میں دی جائے گی،رپورٹ کے مطابق عالمی مالیاتی فنڈ نے پاکستان سے گیس کمپنیوں کا ڈیٹا طلب کرلیا، گیس کمپنیوں کی 5 سالہ کارکردگی پیش کی جائے گی۔