وزیراعلیٰ نظام صحت کی بہتری کیلئے تاریخی اور انقلابی اقدامات اٹھا رہی ہیں: سلمان رفیق

لاہور (اپنے رپورٹر سے) فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی لاہورکا 7 واں کانووکیشن منعقدہوا جس میں صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز نے بطور گیسٹ آف آنر شرکت کی۔کانووکیشن کے آغاز میں حکومت پاکستان اور افواج پاکستان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔خواجہ سلمان رفیق نے فیکلٹی ممبران سے ملاقات کی۔پرنسپل پروفیسر عبدالحمید نے انڈر گریجویٹ طالبات سے حلف لیا اور رجسٹرار پروفیسر ندیم نے پوسٹ گریجویٹ طلباءو طالبات سے حلف لیا۔کانووکیشن میں کل 302طلباءو طالبات میں اسناد تقسیم کی گئیں۔طلباءو طالبات میں 288 انڈرگریجویٹ طالبات اور 14پوسٹ گریجویٹ طلبہ و طالبات شامل تھے۔ڈاکٹر رباب پرویز نے سیشن 2018-2023 کی بیسٹ گریجویٹ ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔کانووکیشن میں رکن قومی اسمبلی عامر گوپال، پرنسپل پاک فضائیہ کالج میجر جنرل ریٹائرڈ سلمان علی، پروفیسر سردار الفرید ظفر، پروفیسر عائشہ شوکت، پروفیسر اصضر نقی، ڈاکٹر رباب پرویز ، ڈاکٹر رائحہ یاسر ، ڈاکٹر علیزہ عمر ، ڈاکٹر کائنات بتول ، ڈاکٹر عنیقہ وقار ، ڈاکٹر نور مریم ، ڈاکٹر سیدہ علینہ زہرہ ، ڈاکٹرازکٰی اظہاراور ڈاکٹر مریم فاطمہ کو بہترین کرکردگی پر گولڈ میڈلز سے نوازا گیا۔وائس چانسلر پروفیسر خالد مسعود گوندل نے وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور پروفیسر محمود ایازکو اعزازی شیلڈز بھی پیش کیں۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے تقریب کے شرکاءسے اپنے خطاب میں کہاکہ آج تمام حاضرین کیلئے انتہائی خوشی کا دن ہے۔فارغ التحصیل بچوں نے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی سے جدید علم اور بہترین مہارت حاصل کی ہے۔ کامیاب ہونے والے سٹوڈنٹس پاکستان کا روشن مستقبل ہیں۔ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کی فیکلٹی انتہائی پروفیشنل ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نظام صحت کی بہتری کیلئے تاریخی اور انقلابی اقدامات اٹھا رہی ہیں۔ چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام، چیف منسٹرز ڈائیلسز پروگرام اور چیف منسٹرز سپیشل انشی ایٹو فار ٹرانسپلانٹ پروگرام حکومت پنجاب کے فلیگ شپ پروگرامز ہیں۔ حکومت پنجاب لاہور اور سرگودھا میں اسٹیٹ آف دی آرٹ نواز شریف انسٹی ٹیوٹس آف کارڈیالوجی بنا رہی ہے۔ صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ لاہور میں ایشیاءکا سب سے بڑا نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ بنایا جا رہا ہے۔ بی ایچ یوز اور آر ایچ سیز کی اپ گریڈیشن کی جا رہی ہے۔محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے پوسٹ گریجوایٹس کی سیٹوں میں بھی اضافہ کیا ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب کے لمحات ناقابلِ بیان ہیں۔ظالم بھارت نے بہاول پور میں معصوم شہریوں کو اپنی بربریت کا نشانہ بنایا۔ خبر سنتے ہی بہاول پور روانہ ہو گیا۔ بہاول پور میں ڈاکٹرز، نرسز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور ریسکیو عملہ یک جان ہو کر مریضوں کی خدمت کر رہے تھے۔ گجرات میں واقعہ کے فوراً بعد روانہ ہوئے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ میڈیکل پروفیشن کو انتہائی عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ خدمت انسانیت کرنے والے ڈاکٹرز کا اللہ تعالیٰ کے نزدیک بڑا مقام ہے۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے فریش گریجویٹس، پوسٹ گریجوایٹس اور ان کے والدین کو مبارکباد دی۔وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل نے کہاکہ ابھی تک فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی سے 15 ہزار سے زائد گریجویٹس پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے 800 سے زائد سٹوڈنٹس امریکہ میں خدمت انسانیت میں مصروف ہیں۔ فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کو پوری قوم بالخصوص میڈیکل کمیونٹی خراجِ تحسین پیش کر رہی ہے۔ وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایازنے کہاکہ ڈاکٹرز مریضوں کو زندگی کی طرف لاتے ہیں۔ ڈاکٹری کو پیغمبرانہ پیشہ کہا جاتا ہے۔