کچرے سے بھرے خالی پلاٹس کے مالکان کو نوٹس دئیے جائیں: کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا شہر میں خالی پلاٹوں میں گندگی پھینکنے اور مالکان کی طرف سے چار دیواری تعمیر نہ کرنے کا نوٹس، خالی پلاٹوں کے مالکان کو نوٹس جاری کئے جائیں اور عدم تعمیل پر جرمانہ بھی عائد کیا جائے، کالج چوک اور مال منڈی چوک کی کارپیٹنگ کو بھی ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔ انہوں نے یہ ہدایات اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ سٹی منیجر پسپ اسجد خان نے بتایا کہ ان دونوں چوکوں میں اسفالٹ کا کام اور سٹریٹ لائٹس پولز لگانے کا کام جون کے پہلے ہفتے تک مکمل کرلیا جائیگا۔ انہوں نے بتایا کہ میٹریل نہ ملنے کی وجہ سے کام میں تاخیرہوئی جس کو دور کر لیا گیا ہے۔ کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے دیپالپور بازار، پاکپتن بازار اور صدر بازار میں جاری ڈرین کی تعمیر کے کام کو بھی تیز کرنے اور انہیں مون سون شروع ہونے سے پہلے ہر صورت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں ساہیوال واٹراینڈ سینی ٹیشن سروسز کمپنی کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا اور کمشنر نے ہدایت کی کہ صفائی سے متعلقہ موصول ہونے والی شکایات کو اسی دن حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ گھروں سے کوڑا اکٹھے کرنے کا کام روزانہ کی بنیاد پر کیا جائے۔دریں اثناءساہیوال انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو فنکشنل کرنے کیلئے کمشنر آفس میں اہم اجلاس کا انعقاد، کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے صدارت کی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس شفیق احمد ڈوگر، پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد عمران حسن خان، میڈیکل سپرنٹندنٹ ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر یاداللہ، ایس ای بلڈنگ ذوالفقار علی، ایکسین بلڈنگ فتح محمد وٹو اور ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل عمران خان سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ کمشنر نے انسٹیٹیوٹ فنکشنل کرنے میں درپیش روزمرہ مسائل حل کرنے کیلئے ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ شفیق احمد ڈوگر کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی جو اداروں کے درمیان روابط بہتر کرکے ان مسائل کو فوری حل کریگی۔ کمشنر ساہیوال نے انسٹیٹیوٹ کیلئے ضروری مشینری کی درآمد میں تاخیر، سنٹرل آکسیجن کے نظام کی تنصیب اور میپکو سے متعلقہ مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے ہر ممکن تعاون کی بھی یقین دہانی کرائی۔