مودی نے دوبارہ کوئی شیطانی کی تو بھارت کی شکل بگاڑ کر رکھ دیں گے: رانا تنویر حسین

مریدکے (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ مودی جیسا فاشسٹ خطے کی سیاسی تاریخ میں آج تک نہیں دیکھا اس نے کھیل کے میدانوں سے جنگ شروع کی اس میں بھی شکست ہوئی پھر جنگی ہتھیاروں کی جنگ شروع کرکے ایسا سبق لیا جو اسے کبھی نہیں بھولے گا ،اب اگر اس نے پاکستان کے ساتھ دوبارہ کوئی حرکت کی تو بھارت کی شکل بگاڑ کر رکھ دیں گے ،پاکستان کے امن مشن کو مودی نے غلط سمجھا اس نے ہمارا پانی روکا تو اس کا حشر پہلے سے خطرناک کریں گے ۔ممتاز سماجی مذہبی شخصیت پیر سید زاہد شاہ گیلانی ،مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے کے سابق امیدوار چوہدری ارشد ورک ،چوہدری انعام اللہ ورک اور مریدکے فٹ بال اکیڈمی کے سربراہ حاجی غلام محی الدین کے ہمراہ اپنے اکلوتے بیٹے رانا سرمد تیمور شہید سے منصوب آل پاکستان فلڈ لائٹ ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب میں ونر ٹیم لیسکو کو پانچ لاکھ روپے اور ٹرافی رنر اپ ٹیم گیپکو کو دو لاکھ روپے اور ٹرافی دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک ذمہ دار پرامن ایٹمی ملک ہے ،ہمسایوں کیساتھ ہمیشہ اچھے تعلقات کے خواہاں رہے ہیں مگر بھارت نے ہماری امن پالیسی کو غلط سمجھ کر حملہ کیا ۔ہمارے شاہینوں نے جب جواب دیا تو سمجھ آگئی پاکستان نا کمزور تھا نا کمزور سمجھا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے کہا تھا اگر بھارت نے جنگ کی تو میدان اسکا ہوگا ہماری مسلح افواج نے ثابت کیا اس کے گھر گھس کر اس کو وہ سبق سکھایا جو نسلیں یاد رکھیں گی ۔انہوں نے کہا کہ ہم پھر بھی امن کا دامن نہیں چھوڑ رہے ،سندھ طاس معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کا دنیا نوٹس لے یہ ہمارے لئے سرخ لکیر ہے اگر بھارت نے اپنی حرکتیں بند نہ کیں ،پاکستان کیخلاف جنگی جنون ختم نہ کیا تو پہلے سے زیادہ نقصان کریں گے اور بھارت کی شکل بگاڑ کر رکھ دیں گے ۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ مودی ہوش کے ناخن لے اور اپنی عوام پر رحم کرے ،اپنے دماغ سے پاکستان کو نقصان پہنچانے کی سوچ نکال دے ،اسکی مسلح افواج پچیس کروڑ عوام سب ایک پیج پر ہیں ایسا نہ ہو بعد پچھتاوے کے مودی کے ہاتھ کچھ نہ آئے ،مودی کے ظلم کے ختم ہونے کا وقت ہوا چاہتا ہے ،بھارت خطہ کا چوہدری بننے کا جو خواب دیکھ رہا تھا اسے معلوم ہوچکا ہے وہ تو کچھ بھی نہیں اربوں ڈالر کا اسلحہ بھی اسکے کام آیا نہ آئے گا ،دنیا بھی اسے سمجھا رہی ہے ہم بھی سمجھا رہے ہیں وگرنہ مودی سن لو تمہاری داستان بھی نہ ہوگی داستانوں میں۔