محکمہ اوقاف میں 200 کنال اراضی سکینڈل، تفتیشی افسر کی متاثرہ شہری سے ہی تحقیقات

لاہور(اپنے نمائندے سے)محکمہ اوقاف کی 200کنال اراضی سکینڈل میں پیشرفت۔ اطلاعات کے مطابق تحقیقاتی افسر (آئی او ) نے متاثرہ شہری سے ہی تحقیقات کا آغاز کردیا۔معلوم ہوا ہے کہ آئی او کی موجودگی میں ملزمان درخواست دہندہ کو دھمکیاں دیتے رہے۔ انکوائری آفیسر نے شہری کو 17سوال پر مبنی سوالنامہ تھما دیا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ اوقاف پنجاب و مذہبی امور کے لاہور زون کے قصور سرکل میں 200کنال زرعی اراضی جعلسازی سے لیز پر دینے کے خلاف شہری عبدالحمید نے درخواست دے رکھی ہے۔شہری کی درخواست پر عدالتی حکم نامہ کی روشنی میں محکمانہ انکوائری کا آغاز کیا گیا جس میں آئی او محمد یوسف کی جانب سے 14اپریل 2025کو انکوائری کیلئے طلب کیا گیا اس دوران متاثرہ شہری اور اس کے ساتھ آنے والے گواہان حافظ طارق اور ساجد محمود سے دوران انکوائری آئی او کی موجودگی میں اسسٹنٹ سٹیٹ ڈائریکٹر مذہبی امور جاوید شوکت کی جانب سے مبینہ طور پر بد تمیزی کی گئی اور دھمکیاں دی گئی جس پر آئی او کی جانب سے مکمل طور پر خاموشی اختیار کی گئی۔شہری کو اس طرح کے سوالات پر مبنی سوالنامہ تھما گیا جو کہ ملزمان کو بچانے کی خاطر انکوائری کو التوا میں ڈالنے کا طریقہ کار ہے۔شہری نے بتایا کہ دوران انکوائری آئی او محمد یوسف کی موجودگی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر جاوید شوکت کی جانب سے دھمکیاں اور بد تمیزی پر انتظامیہ کو تحریری درخواست دی گئی جس پر کسی قسم کی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔شہری عبدالمجید نے بتایا کہ اوقاف انتظامیہ سابق زیڈ اے لاہور شاہد ورک ،ڈائریکٹر اسٹیٹ وسیم ،منیجر قصور اظہر فرید ،رانا احسان اسسٹنٹ ڈائریکٹر مذہبی امور جاوید شوکت اور موجودہ زیڈ اے لاہور اشفاق ڈیال کو بچانے کی کوشش کی جارہی ہے جبکہ ان افراد پر اینٹی کرپشن عدالت میں فرد جرم بھی لگ گیا ہے جس کی تصدیق شدہ کاپی ایک دو روز میں مل جائے گی اور ان میں سے متعدد افسران نے عبوری ضمانتیں بھی کروا رکھی ہیں۔ ترجمان اوقاف کا کہنا ہے کہ متعلقہ اراضی کی لیز کی مدت ختم ہو چکی ہے اور نیلامی بھی کر دی گئی ہے نا قی انکوائری چل رہی ہے ابھی تک فائنڈنگ رپورٹ نہیں آئی۔