عالمی و ملکی میڈیا کا دورہ ایل او سی، خود مختاری کے دفاع کیلئے ہر حد تک جائیں گے: عطا تارڑ

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے ملکی و غیرملکی میڈیا کو لائن آف کنٹرول کا دورہ کرا کر بھارت کے دہشتگردی کے کیمپوں کے بے بنیاد الزامات کا پول کھول دیا، وزیر اطلاعات عطا تارڑ کی جانب سے عالمی میڈیا سے منسلک صحافیوں کو ایل او سی کا دورہ کرانے کا مقصد بھارت کی جانب سے پھیلائے گئے جھوٹے اور بے بنیاد پروپیگنڈے کو بے نقاب کرنا تھا، عطا تارڑ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بھارت کی جانب سے بارہا پاکستان کےخلاف بے بنیاد الزامات لگائے گئے تاہم آج ہم نے عالمی اور ملکی میڈیا کے سامنے تمام حقائق رکھ دیئے ہیں اور جو مقامات بھارت خیالی دہشت گرد کیمپس قرار دیتا رہا ہے، وہ دراصل عام شہری آبادی کے علاقے ہیں، پاکستان ذمہ دار ریاست ہے جو نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی امن کیلئے بھی پرعزم ہے اور پاکستان دنیا کے کسی بھی حصے میں دہشتگردی یا دہشتگردانہ سرگرمیوں کی مذمت کرتا ہے، ہم نے اپنے عمل سے بارہا ثابت کیا ہم امن کے داعی ہیں لیکن اپنی خودمختاری کے دفاع کیلئے ہم ہر حد تک جائیں گے، بھارت کو الزام تراشی سے پہلے اپنے زیر قبضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لینا چاہیے،وزیر اطلاعات نے کہا بھارت اپنی داخلی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے لائن آف کنٹرول پر پروپیگنڈا کرتا ہے لیکن آج عالمی میڈیا نے خود اپنی آنکھوں سے اصل حقیقت دیکھ لی ، پاکستان نے ایک بار پھر دنیا کے سامنے واضح کیا ہے وہ علاقائی امن کیلئے پرعزم ہے، تاہم کسی بھی بھارتی جارحیت کا فوری اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا،نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا 2019 میں بھارت کے 2 جہازگرائے اور پائلٹ کو چائے پلاکر واپس بھیجا لہٰذا بھارت اگر دوبارہ ایسا کچھ کرے گا تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔