لاہور (سٹاف رپورٹر) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کا کہنا ہے کہ بھارت کو پاکستان کی ترقی ہضم نہیں ہورہی۔انہوں نے شیخوپورہ میں ٹریکٹر بنانے والی کمپنی کے دورہ کے موقع پر کہا کہ پاک فوج کی بدولت امن وامان کی صورتحال تسلی بخش ہے، پہل گام واقعہ ایک ڈرامے کے سوا کچھ نہیں، پاکستان بھارت کی ہر مہم جوئی کا جواب دینے کی بھر پور صلاحیت رکھتا ہے، بھارت پہل گام حملے کا ٹھوس ثبوت دے۔انکا کہنا تھا کہ سرحدوں پر پہرہ دینے والے فوجی جوان اپنے آپ کو تنہا نہ سمجھیں، پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے، پاک فوج کے سپہ سالارنڈر شخصیت کے مالک ہیں۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ پاکستان میں گاڑیوں، موٹر سائیکلوں کی صنعت تیزی سے ترقی کررہی ہے، موجود حکومت برقی توانائی سے چلنے والی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ صنعت و حرفت کی ترقی ملکی استحکام کیلئے ناگزیر ہے، نوجوان نسل جدید ٹیکنالوجی سمیت ہر شعبے میں اپنا لوہا منوا رہی ہے، پیپلز پارٹی ہمیشہ غریب اور محنت کش طبقے کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔دریں اثناءگورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ منظور مانیکاخاندان کا پاکپتن کی سیاست میں اہم مقام ہے،پیپلز پارٹی کیلئے بشریٰ منظور مانیکا کی خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔وہ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما میاں منظور احمد مانیکا کی رہائشگاہ ای ایم آئی فالونی میں انکی عیادت کے بعد اہل خانہ سے گفتگو کررہے تھے۔گورنر پنجاب نے میاں منظور مانیکا اور ان کے خاندان کی پیپلز پارٹی کیلئے خدمات کا اعتراف کیا اورپاکپتن کی کسان تحریک اورضلع میں تنظیم سازی پر خصوصی مشاورت کی۔
فوج کی بدولت ملک میں امن، سپہ سالارنڈر شخصیت کے مالک ہیں:گورنر پنجاب


















