بھارتی مہم جوئی کاپوری قوت سے جواب دینگے:محسن نقوی

لاہور: (اپنے رپورٹر سے،اپنے نمائندے سے) وزیر داخلہ محسن نقوی کی سربراہ جے یوآئی فضل الر حمن،امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن سے ملاقاتیں،باہمی دلچسپی کے امور، پاک بھارت کشیدگی اور فلسطین کے مسئلے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

محسن نقوی نے فضل الرحمن کو بھارت کے غیر منطقی و یکطرفہ اقدامات پر پاکستان کے اصولی موقف اور فیصلوں پر اعتماد میں لیا،نیشنل سکیورٹی کمیٹی کے فیصلوں سے بھی آگاہ کیا،وزیر داخلہ نے فضل الرحمن کی خیریت پوچھی ،صحت کےلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

امیر جے یوآئی نے کہامودی مسلمان دشمن ہے، اسلام ،مسلمان کے مقابلے میں جہاں کوئی محاذ ملے گا مودی وہاں کھڑا ہو جائے گا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا بھارت آگ سے کھیلنے کی کوشش کر رہا ہے، پاکستان کسی بھی مہم جوئی کا پوری قوت سے جواب دےگا۔

علاوہ ازیں محسن نقوی نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کو اہم فیصلوں پر بریفنگ دی اور کہابھارت جان بوجھ کر سازش کے ذریعے خطے کا امن تباہ کرنے کے درپے ہے، سیاسی اکابرین ، قوم کسی بھی جارحیت کےخلاف یکجان اور مسلح افواج دفاع وطن کےلئے پوری طرح تیار ہیں،جماعت اسلامی کا اسلام آباد میں غزہ مارچ قابل تحسین اور مبارکباد کا حامل ہے،بعض سیاسی جماعتوں کی جانب سے کیے گئے مظاہروں میں پرتشدد اقدامات کی وجہ سے حکومت سخت فیصلے لینے پر مجبور ہوجاتی ہے تاہم اگر مظاہرے اور احتجاج جماعت اسلامی کی طرز پر منظم و پرامن ہوں تو حکومت کو کسی قسم کی رکاوٹیں کھڑی کرنے کی ضرورت پیش نہ آئے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا بھارت کے غیر منطقی و جارحیت پر مبنی اقدامات اور خصوصی طور پر سندھ طاس معاہدے کی معطلی کے یکطرفہ اقدام کا بھرپور طریقے سے جواب دیا جائے، پوری قوم متحد ہے، حکومت قومی یکجہتی کےلئے درست سمت میں فیصلے کرے،جماعت اسلامی نے قومی ایشوز پر ہمیشہ ملک و قوم کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے جاندار و اصولی موقف اپنایا،امیر جماعت اسلامی نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں حکومت کو اصولی موقف پر مکمل حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا بھارت کے معاملے پر پوری قوم یکجا ہے،لاکھوں بےگناہ کشمیریوں کو قتل کرنےوالی بھارتی حکومت کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔