ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سیدنے کہا ہے کہ بیرون ملک پاکستانی قوم کا اثاثہ ہے جنہوں نے ملکی ترقی میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا۔ ملک کی اقتصادی و صنعتی ترقی اور عوام کو تعلیم اور صحت کی سہولتوں کی فراہمی میں بیرون ملک پاکستانیوں کی شاندار خدمات دوسروں کیلئے مشعل راہ ہیں۔ انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں ساہیوال کی سسٹر سٹی راچڈل کے وفد سے ملاقات میں کہی جس کی قیادت میئر راچڈل کونسلرشکیل احمد کررہے تھے۔ وفد میں نظام سلیمان، محمد زمان، طاہر محمود، محمد جاوید، خالد محمود، طاہر روف چوہدری، پیر حاجی احسان الحق ادریس، چوہدری ممتاز احمد، راشد حمید چوہدری، شیخ ذیشان شہزاد اور چوہدری محمد عدنان انور ایڈوکیٹ شامل تھے۔ ڈپٹی کمشنر شاہد محمود اور ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ راچڈل اور ساہیوال شہروں کے باہمی تعاون سے شہریوں کوتعلیم اور صحت کے شعبوں میں مزید سہولتوں کی فراہمی کی راہ ہموار ہوگی۔ انہوں نے وفد کو ساہیوال ڈویژن میں جاری ترقیاتی منصوبوں بارے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اپنے محدود وسائل کے باوجود تمام شعبوں میں بہتری کیلئے کوشاں ہے تاہم محب وطن شہریوں پر بھی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کریں۔ انہوں نے وفد سے اپیل کی کہ ساہیوال کے شہریوں کو ویسٹ مینجمنٹ، ٹریفک کنٹرول اور صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لئے آگے آئیں اور میونسپل کارپوریشن سے تعاون کریں۔ وفد کے سربراہ میئر راچڈل کونسلرشکیل احمد نے وفد کے استقبال پر کمشنر ساہیوال کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ راچڈل کے عوام مختلف منصوبوں کے ذریعے یہاں کے باسیوں کے لئے بہترین شہری سہولیات کی فراہمی ممکن بنائیں گے۔
صنعتی و اقتصادی ترقی میں اوورسیز پاکستانیز کا کردار انتہائی اہم ہے: کمشنر ساہیوال



















