لاہور (ہیلتھ رپورٹر) سرکاری ہسپتال اور دیہی مراکز صحت کی نجکاری کے خلاف احتجاج جاری ہے۔ گرینڈ ہیلتھ الائنس نے جناح اور جنرل ہسپتال کی او پی ڈیز بند رکھنے کا اعلان کردیا۔ گرینڈ ہیلتھ الائنس کا چیئرنگ کراس مال روڑ لاہور پر دھرنا تیسرے روز بھی جاری ہے، محکمہ صحت اور دھرنا ملازمین کے درمیان مذاکرات کے حوالے سے ڈیڈ لاک تاحال برقرار ہے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ہسپتالوں میں نجکاری کیخلاف چیئرنگ کراس پر گرینڈ ہیلتھ الائنس کا دھرنا تیسرے روز بھی جاری رہا مگر مذاکرات نہ ہوسکے۔ مذاکرات کے ڈیڈ لاک پر ملازمین نے اپیل کی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ وزیرا علیٰ پنجاب کو اصل حقائق سے آگاہ نہیں کیا جارہا۔ گرینڈ ہیلتھ الائنس کے ڈاکٹر سلمان نے کہا کہ محکمہ صحت حکام سے کوئی بھی مذاکرات کیلئے نہیں آیا، گرمی میں طبی عملہ پنجاب اسمبلی کے سامنے بیٹھا ہے،حکمران طبقے کو خواتین کا بھی کوئی خیال نہیں۔انہوں نے کہا کہ کل جناح اور جنرل ہسپتال کی اوپی ڈیز بند رکھی جائیگی۔ رخسانہ انور نے کہا کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز پولیو مہم کا مکمل بائیکاٹ کریں گی۔ 20، 25 سال ملازمت میں گزار کر آخری حصہ میں بیروزگار کیاجارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز حواکی ان بیٹیوں کا خیال کریں، نجکاری کا فیصلہ واپس لیں، انکا کہنا تھا کہ اگر ایسا معاملات نہ سلجھے تو پولیو مہم کے بائیکاٹ کی طرف جائیں گے ذرائع کے کہنا ہے کہ پی ایم اے نے بھی کل اجلاس بلالیا ہے۔ادھر ملازمین سے اظہار یکجہتی کیلئے پیپلز پارٹی کے رہنما چودھری منظور نے دھرنا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومتوں نے ہمیشہ غریب کو ریلیف دیا۔ آج سے جناح ہسپتال کا آو¿ٹ ڈور نہ صرف بند کیا جائیگا بلکہ گرینڈ ہیلتھ الائنس کی جانب سے کینال روڈ بند کرکے احتجاج کرنے کا پروگرام بھی تشکیل دیا جارہا ہے۔
سرکاری ہسپتالوں کی نجکاری کیخلاف احتجاج،گرینڈ ہیلتھ الائنس کا او پی ڈیز بند رکھنے کا اعلان



















