گریٹر اسرائیل کی طرف بڑھتے قدموں سے کوئی عرب ملک نہیں بچے گا،فضل الرحمن

پشاور:(بیورورپورٹ)جے یوآئی سربراہ فضل الرحمن نے 13 اپریل کو کراچی میں اسرائیل مردہ باد مظاہرے کااعلان کر دیا۔

اپنے بیان میںفضل الرحمن نے کہا10 اپریل کو تمام مکاتب فکر کا کنونشن ہوگا،مشترکہ حکمت عملی ، موقف اپنایا جائے گا،غزہ کے مسلمانوں پر جو بیت رہی ہے یا بیت چکی وہ تاریخ کے صفحات پر سیاہ دھبوں کے سوا کچھ نہیں، اسرائیل نے امن معاہدہ توڑ کر غزہ پر شب خون مارا ،شیر خوار بچے زندگی اور موت کی کشمکش میں تڑپ رہے ہیں۔

امیر جے یوآئی نے کہا نیتن یاہو جنگی مجرم ہے، عالمی عدالت انصاف نے گرفتار کرنے کا حکم دیا، غزہ میں ادویات ہیں نہ کھانے پینے کی کوئی چیز لیکن مسلمان حکمراں خاموش ہیں، جرم کرنے والے اور جرم پر خاموش رہنے والے برابر کے مجرم تصور کیے جائیں گے،اسلامی دنیا کا حکمراں امریکہ اور مغرب کے سامنے جھک رہا ہے، گریٹر اسرائیل کی طرف بڑھتے قدموں سے کوئی عرب ملک نہیں بچ سکے گا،امت مسلمہ اپنے ملکوں میں اپنے حکمرانوں پر سیاسی دباﺅ بڑھائے۔