لاہور (اپنے نمائندے سے) عید اپنوں کے ساتھ منانے کیلئے پردیسوں کا آبائی علاقوں میں واپسی کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ لاہور سے دوسرے شہروں میں جانے والوں کا رش ،عید کے ا یام میں بھی مسافر ٹرینیں کئی کئی گھنٹے تاخیر کا شکار، پاکستان ریلوے کی غفلت یا ناقص حکمت عملی پردیسی خوار ہوگئے، کراچی ایکسپریس، قراقرم ایکسپریس سمیت دیگر گاڑیاں لیٹ ہونے سے مسافروں کو مشکلات کا سامناکرنا پڑ رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلویز انتظامیہ کا عید کے ایام میں بھی عید کی خوشیوں میں نا اہلی دیکھنے میں آرہی ہے۔ اس حوالے سے پاکستان ریلوے کی غفلت یا ناقص حکمت عملی کے باعث لاہور سے دیگر شہروں میں جانے والے پردیسی خوار ہوگئے ہیں کیونکہ عید کے ا یام میں بھی مسافر ٹرینیں کئی کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہیں کیونکہ پاکستان ریلوے اپنے دیے گئے وقت پر بھی ٹرینیں روانہ نہ کر سکاجس میں کراچی جانے والی شاہ حسین ایکسپریس لاہور سے روانہ نہ ہوسکی۔ پاکستان ریلوے کی جانب سے شاہ حسین کے مسافر کو 11 بجے کا وقت دیا گیا تھا۔ کراچی ایکسپریس،، قراقرم ایکسپریس سمیت دیگر گاڑیاں لیٹ ہونے سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ گزشتہ روز بھی مختلف مسافر ٹرینوں کی تاخیر کا سلسلہ جاری ہے جس میں قراقرم 42-ڈاﺅن کراچی کیلئے سہ پہر 3 بجے کی بجائے 5 بجکر 15 منٹ پر لاہور سے روانہ کراچی ایکسپریس 16ڈاون کراچی کیلئے شام 6 بجے کی بجائے 7 بجکر 30 منٹ پر لاہور سے روانہ شاہ حسین ایکسپریس 44 ڈاﺅن کراچی کیلئے شام 7 بجے کی بجائے رات 10 بجکر 30 منٹ پر لاہور سے روانہ کی گئی جس سے مسافروں کو کئی گھنٹے سٹیشن پر روزے کی حالت میں انتظار کا سامنا کرنا پڑ ا اکثریت روزہ دار مسافروں نے مہنگی اور غیر معیاری اشیاءسے افطاری کرنی پڑی جو کہ ریلویز انتظامیہ کا عید کے ایام میں مسافروں کو ریلیف فراہم کرنے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ مسافروں کا کہنا تھا کہ وزیر ریلوے کو ناکام کرنے کی خاطر ریلویز انتظامیہ کی جانب سے منصوبہ بندی دیکھنے میں آرہی ہے۔ ماضی میں ریلویز کا قلمدان سنبھالتے ہی وزیر ریلویز کی جانب سے مسافروں کو ریلیف فراہم کرنے کے ساتھ عید پر سپیشل ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا گیا تھا جو کہ عید کے ایام میں مسافروں کیلئے اہم اعلان سمجھا جا رہا تھا لیکن عید کے ایام میں اپنوں کے ساتھ عید منانے کی خاطر اپنے شہروں کو جانے کی خاطر ٹرین کے سفر کو اہمیت دی لیکن گھنٹوں ٹرینوں کی تاخیر سے روزہ میں کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ریلویز انتظامیہ کاغذی کارروائی کے علاوہ عملی کچھ نہیں کر رہی۔ اس پر وزیر ریلوے کو نوٹس لینا چاہئے اور ذمہ دران کی نشاندہی کے بعد ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
ناقص حکمت عملی، مسافر ٹرینیں گھنٹوں تاخیر کا شکار،آبائی علاقوں کو جانے والے پردیسی پریشان



















