”آغوش “پروگرام کا آغاز،کم عمربچوں کی ماوں ، حاملہ خواتین کیلئے 23 ہزارروپے کاتحفہ

لاہور: (اپنے رپورٹر سے)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکے ویژن کے تحت اپنی نوعیت کے پہلے اور منفرد” آغوش “پروگرام کاباقاعدہ آغاز کر دیا گیا،مریم نوازکی ہدایت پر 2 سال سے کم عمربچوں کی ماﺅں ،حاملہ خواتین کو” آغوش“ پروگرام کے تحت 23ہزار روپے ملیں گے، پہلے مرحلے کے دوران13اضلاع میں” آغوش“ پروگرام کے تحت نومولود بچوں کی ماﺅں ، حاملہ خواتین کوامداد ی رقم ملے گی۔

” آغوش“ پروگرام کا آغاز ڈیرہ غازی خان، تونسہ، راجن پور، لیہ، مظفر گڑھ ،کوٹ ادو ،بہاولپور، رحیم یارخان، بہاولنگر، بھکر، میانوالی، خوشاب اور لودھراں سے کیا جارہا ہے، حاملہ خاتون کو پہلی مرتبہ مراکز صحت، مریم ہیلتھ کلینک میں رجسٹریشن پر2 ہزارروپے دیئے جائیں گے،بچے کی پیدائش تک متواتر طبی معائنے کےلئے وزٹ پر امدادی رقم دی جائےگی۔

مراکز صحت سے مفت طبی معائنہ کے بعد ”آغوش“ پروگرام کے کیش ایجنٹ سے امدادی رقم حاصل کی جا سکے گی، حاملہ خواتین کو ہر بارمراکز صحت وزٹ پر1500 روپے ملیں گے ، ٹوٹل 6ہزار روپے دیئے جائیں گے، ”آغوش “پروگرام کے تحت مرکز صحت پر بچے کی پیدائش پر4ہزارروپے کاتحفہ ملے گا، پیدائش کے بعد 15دن کے اندر پہلے طبی معائنے پر2ہزار روپے ملیں گے، پیدائشی سرٹیفکیٹ کا مرکز صحت میں اندارج کرانے پر 5ہزار روپے دیئے جائیں گے، ”آغوش“ پروگرام کے تحت نومولود بچے کو حفاظتی ٹیکے لگوانے پر 4ہزار روپے ہر بار 2ہزارروپے دیئے جائیں گے، خواتین کی رہنمائی اور معلومات کےلئے خصوصی ٹال فری نمبر 1221بھی فعال کر دیا گیا ۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہاصحت و علاج ہر ماں ،بچے کا بنیادی حق ہے حکومت اپنا فرض ادا کرے گی،ہسپتالوں میں ماﺅں ،بچوں کو بیماری کی حالت میں دیکھنا انتہائی تکلیف دہ ہے،سرکاری وسائل پرپسماندہ اور دوردراز علاقوں کے عوام کا پورا پورا حق ہے،مریم نوازنے کہا ماں ،بچے کی صحت خصوصی توجہ کی متقاضی ہے، صحت مند ماں ہی صحت مندخاندان کی ضامن ہے، پسماندہ علاقوں میں طبی سہولیات کےساتھ خواتین کی مالی معاونت بھی کررہے ہیں، ”آغوش“ پروگرام سے نہ صرف ماں بلکہ بچہ بھی صحت مند زندگی کا آغاز کرے گا۔