عمران، بشریٰ کا سزا معطلی کیلئے عدالت سے رجوع کا فیصلہ

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) بانی پی ٹی آئی اوربشریٰ نے 190 ملین پاونڈز کیس میں سزامعطلی کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا،پی ٹی آئی وکلاءکی جانب سے سابق وزیراعظم عمران خان اور بشریٰ کی سزا معطلی کی درخواست تیار کرلی گئی ہے،پارٹی ذرائع کے مطابق درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے نیب نے بدنیتی سے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا، نامکمل تفتیش کی بنیاد پر جلد بازی میں سزا سنائی گئی، نیشنل کرائم ایجنسی سے معاہدے کا متن حاصل نہ کرنا تفتیشی ایجنسی کی ہچکچاہٹ کو واضح کرتا ہے این سی اے حکام کو شامل تفتیش بھی نہیں کیا گیا،درخواست میں کہا گیا ہے استغاثہ مکمل شواہد پیش کرنے میں ناکام رہی ہے، عدالت کو یقینی دہانی کراتے ہیں سزا معطلی کے بعد اپیل کی ہر سماعت میں پیش ہوں گے،درخواست گزاروں کی جانب سے استدعا کی گئی ہے 17 جنوری کو سنائی جانے والی سزا معطل کرکے ضمانت پر رہائی دی جائے ، مرکزی اپیل کے حتمی فیصلے تک فیصلے اور سزا کو معطل کیا جائے،دریں اثنا خصوصی عدالت نے 26 نومبر احتجاج کے 2 مقدمات میں سابق خاتون اول بشریٰ کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی۔