سانحہ جعفر ایکسپریس، استعفے سے معاملہ حل ہوتا ہے تو تیار ہوں: خواجہ آصف

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وزیر دفاع خواجہ آصف نے جعفر ایکسپریس پر ہونے والے حملے کے بعد اپوزیشن کی جانب سے عہدے سے مستعفی ہونے کے مطالبے پر ردعمل کا اظہار کردیا، پارلیمنٹ ہاوس میں صحافیوں نے خواجہ آصف سے سوال کیا اپوزیشن سکیورٹی لیپس کا ذمہ دارآپ کو قرار دےکراستعفے کا مطالبہ کررہی ہے؟وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہامجھے ذمہ دار ٹھہرایا جا رہا ہے، اگر میرے استعفے سے معاملہ حل ہوتا ہے تو میں تیار ہوں، مجھے کوئی اعتراض نہیں ،دریں اثنا قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد دنیا بھر سے مذمت کی گئی، جس میں امریکہ، اقوام متحدہ اور پوری پاکستانی قوم بھی شامل ہے مگر بانی پی ٹی آئی کی طرف سے کوئی مذمتی بیان تک سامنے نہیں آیا،تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے وزیر دفاع کی تقریر پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا خواجہ آصف اپنی نااہلی کا ملبہ پی ٹی آئی پر ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں۔