افسران غازی اہلکاروں کی بہترین ہیلتھ ویلفیئر کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں: آئی جی

لاہور (کرائم رپورٹر) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے پولیس ملازمین اور انکے اہلخانہ نے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی۔ آئی جی پنجاب نے پولیس ملازمین کے مسائل سنے اور فوری ریلیف کیلئے احکامات جاری کیے۔ تفصیلات کے مطابق، ریٹائرڈ ڈی ایس پی شوکت علی کی درخواست پر ڈی پی او سیالکوٹ کو ریلیف کا حکم دیا۔ انسپکٹر فریاد حسین کی ٹرانسفر کی درخواست پر ایڈیشنل آئی جی پنجاب کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت۔ اے ایس آئی غلام علی اکبر کی بیٹے کی سکالرشپ کیلئے درخواست پر ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس کو ریلیف کی ہدایت کی۔ اے ایس آئی فاروق احمد کی سنیارٹی کی درخواست پر ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ٹو کو ریلیف کی ہدایت کی۔ لانگری رفیع رضا کی درخواست پر آر پی او راولپنڈی کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈسپلن، ایڈمن، پروموشن اور ویلفیئر سے متعلقہ دیگر درخواستوں پر بھی احکامات جاری کئے۔دریں اثنا ڈاکٹر عثمان انور دوران ڈیوٹی زخمی ہونے والے غازی اہلکاروں کے بہترین علاج معالجے کیلئے پرعزم ہیں جس کے تسلسل میں لاہور سمیت مختلف اضلاع کے زخمی اہلکاروں کے میڈیکل اخراجات کی ادائیگی کیلئے مزید 19 لاکھ 50 ہزار روپے کی رقم جاری کر دی گئی ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ زخمی سب انسپکٹر عابد حسین کو طبی اخراجات کیلئے 15 لاکھ روپے فنڈز جاری کئے گئے۔زخمی کانسٹیبل حمید اللہ کو طبی اخراجات کیلئے 03 لاکھ روپے دیئے گئے۔ زخمی اے ایس آئی عبدالرو¿ف کو طبی اخراجات کیلئے ایک لاکھ روپے جاری کیے گئے۔ زخمی ہیڈ کانسٹیبل وقاص علی کو طبی اخراجات کیلئے 50 ہزار روپے دئیے گئے۔ ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر عمران ارشاد کی زیر صدارت کمپنسیشن ایوارڈ کمیٹی نے فنڈز اجراءکی منظوری دی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پولیس غازیوں کا بہترین علاج اور جلد از جلد بحالی اولین ترجیح اور ہر ممکن تعاون جاری رہے گا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ آر پی اوز اور ڈی پی اوز غازی اہلکاروں کی بہترین ہیلتھ ویلفیئر کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں۔ علاوہ ازیں آئی جی پنجاب کی ہدایت پر ٹریفک پولیس شاہرات پر قانون کی پاسداری اور عوام کو لائسنس اجراءسمیت ٹریفک کی سہولیات کی فراہمی میں بھرپور تندہی سے مصروف عمل ہے جس کے تسلسل میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 24 ہزار 712 افراد کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی میں ملوث گاڑیوں کے 29 ہزار 651 چالان اور ٹریفک رولز کی خلاف ورزی پر 01 کروڑ 60 لاکھ روپے جرمانے کیے گئے۔ دھواں چھوڑنے والی 949 گاڑیوں کے چالان کیے گئے جبکہ 39 گاڑیوں کو تھانوں میں بند کیا گیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کاروائیاں کو مزید تیز کیا جائے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ٹریفک کی روانی کو متاثر کرنے والے قانون شکن افراد کسی رعائت کے مستحق نہیں جبکہ ٹریفک چالانوں کے نادہندگان سے جلد از جلد ریکوری ہر صورت یقینی بنائی جائے۔