اسلام آباد (مشرق نیوز) آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز) نے اس ہفتے کے آخر تک پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کا اشارہ دیتے ہوئے مقامی ریفائنریوں کیساتھ ”ٹیک اور پے“ معاہدوں پر زبردستی دستخط کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس شق سے ان پر غیر منصفانہ طور پر مالی خطرات کا بوجھ پڑیگا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق آئل مارکیٹنگ ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین طارق وزیر علی کا اندازہ ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے فی لیٹر اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے فی لیٹر کمی ہوسکتی ہے۔ او ایم اے پی نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے تجویز کردہ نئی شق ’ٹیک اور پے‘ کی باضابطہ مخالفت کی ہے، جس کے تحت او ایم سیز کو یا تو مقامی ریفائنریوں سے پیٹرولیم مصنوعات کا مختص کوٹہ اٹھانا ہوگا یا ایسا نہ کرنے پر جرمانے ادا کرنا ہوں گے۔
اوگرا کے چیئرمین، ممبران اور پیٹرولیم ڈویژن کو لکھے گئے خط میں انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال میں یہ توقع رکھنا غیر معقول ہے کہ او ایم سیز انوینٹری نقصانات برداشت کریں گی، جبکہ ریفائنریز مارکیٹ کے اتار چڑھاو سے محفوظ رہیں گی۔
آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا ریفائنری کوٹہ ختم، پٹرول اور ڈیزل سستا ہونے کا امکان

















