سی سی ڈی شریفوں کیلئے تحفظ کی ضمانت ہو گا:آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ سہیل ظفر چٹھہ، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز عابد خان، ڈی پی او وہاڑی منصور امان، ایس پیز کیپٹن (ر)قاضی علی رضا، عبدالحنان، آفتاب پھلروان، بینش فاطمہ اور کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے نو منتخب ڈی ایس پیز سمیت دیگر افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کی کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ سی سی ڈی کیلئے انتہائی پروفیشنل اور منجھے ہوئے کرائم فائٹر افسران کا انتخاب کیا گیا ہے۔ صوبہ پنجاب کو منظم جرائم سے پاک کرنے کے لئے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کو بھرپور وسائل فراہم کئے جا رہے ہیں۔ سی سی ڈی افسران سے اہداف کے حصول کیلئے بہترین صلاحیتوں کے استعمال، مثبت اور فوری نتائج کی توقعات ہیں۔ سی سی ڈی جرائم پیشہ افراد کیلئے خوف کی علامت اور شریف شہریوں کیلئے تحفظ کی ضمانت ثابت ہو گا۔ سی سی ڈی کو جدید کرائم ڈیٹا مینجمنٹ، سرویلنس اینڈ مانیٹرنگ سسٹم، لاجسٹکس اور ٹرانسپورٹ سے لیس کیا جا رہا ہے۔سی سی ڈی افسران نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے جرائم کی بیخ کنی کیلئے بہترین نتائج دینے کا عہد کیا۔ دوسری طرف ڈاکٹر عثمان انور نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر کہا کہ پنجاب پولیس صنفی مساوات کی سب سے بڑی داعی، شہدا، غازیوں کی بہادر ماوں، بہنوں اور بیٹیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کی عورت پہلے سے کہیں زیادہ باشعور، باہمت اور بااختیار ہے۔ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویڑن کے تحت خواتین سے جنسی ہراسگی زیادتی، تشدد اور استحصال کے خلاف بھرپور جدوجہد کا عزم دہراتے ہیں۔ پنجاب پولیس کے تمام شعبوں میں خواتین مردوں کے شانہ بشانہ بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔ خواتین پولیس افسران و اہلکاروں کا لا اینڈ آرڈر، کرائم کنٹرول اور کمیونٹی پولیسنگ میں شاندار کردار ہے۔ پنجاب پولیس میں خدمات انجام دینے والی خواتین ہمارا فخر اور قیمتی اثاثہ ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ خواتین پولیس اہلکاروں کیلئے ڈے کیئر سنٹر، میس، لائبریری اور گیم ایریا پر مشتمل سیف سٹیز وویمن ہاسٹل کے قیام سمیت فلاحی اقدامات کیے گئے ہیں۔ پائیدار معاشی و معاشرتی ترقی کے لئے خواتین کو مساوی مواقع اور محفوظ ماحول کی فراہمی ناگزیر ہے۔ خواتین کے خلاف جرائم کی صورت میں فوری ایف آئی آرز کا اندراج اور مجرموں کی گرفتاری یقینی بنا رہے ہیں۔ گذشتہ سال خواتین کے خلاف جرائم کی ایف آئی آرز میں 90 فیصد ملزمان کی گرفتاری یقینی بنائی گئی۔خواتین کے لئے ڈرائیونگ ٹریننگ سنٹرز، تحفظ مراکز، تحفظ منزل فوسٹر ہوم، ورچوئل وویمن پولیس سٹیشنز، وویمن انکلیو اور اینٹی وویمن ہراسمنٹ اینڈ وائیلنس سیل قائم کئے گئے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ معاشرتی ناانصافی کا شکار خواتین کے لیے وویمن سیفٹی ایپ، پینک بٹن اور ہیلپ لائن 15 کی سہولت فراہم کی ہیں۔خواتین کے خلاف جنسی جرائم کی تفتیش کے سپیشلائزڈ ایس ایس آئی او یو کی تعداد 115 سے بڑھا کر 263 کی جا رہی ہے۔ اینٹی ریپ ایکٹ کے تحت قائم ایس ایس آئی او یو میں تربیت یافتہ خواتین پولیس افسران انویسٹی گیشن کے فرائض انجام دے رہی ہیں۔ پنجاب پولیس میں ڈیوٹی انجام دینے والے خواتین کی فلاح و بہبود اولین ترجیح ہے۔