لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور دوران ڈیوٹی زخمی ہونے والے غازی اہلکاروں کے بہترین علاج معالجے کیلئے پرعزم ہیں۔ جس تسلسل میں لاہور سمیت مختلف اضلاع کے زخمی اہلکاروں کو طبی اخراجات کی ادائیگی کیلئے مزید 24 لاکھ 50 ہزار روپے کی رقم جاری کر دی گئی ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ زخمی انسپکٹر ریاض محمد کو طبی اخراجات کیلئے 10 لاکھ روپے فنڈز جاری کئے گئے۔ زخمی اے ایس آئی عدنان، زخمی سب انسپکٹر کاشف اقبال اور زخمی کانسٹیبل واجد علی کو طبی اخراجات کیلئے فی کس 5 لاکھ روپے دئیے گئے۔ زخمی کانسٹیبل صداقت علی کو طبی اخراجات کیلئے ڈھائی لاکھ روپے فنڈز جاری کیے گئے۔ زخمی کانسٹیبل ذوالقرنین حیدر اور زخمی کانسٹیبل عبدالمالک کو طبی اخراجات کیلئے ایک لاکھ روپے فی کس دئیے گئے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ افسران و اہلکار فرض کی راہ میں مختلف واقعات کے دوران زخمی ہوئے تھے۔ ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر عمران ارشاد کی زیر صدارت کمپنسیشن ایوارڈ کمیٹی نے فنڈز اجراءکی منظوری دی۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس غازیوں کا بہترین علاج، جلد از جلد بحالی اوّلین ترجیح ہے اور ہر ممکن تعاون جاری رہے گا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے سپروائزری افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ غازی اہلکاروں کی بہترین ہیلتھ ویلفیئر کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں۔ دریں اثنا آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پتنگ بازی ممانعت ترمیمی بل کی روشنی میں پنجاب پولیس انسداد پتنگ بازی ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد کروانے میں مصروف عمل ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ رواں سال لاہور سمیت صوبہ بھر میں انسداد پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر 1900 سے زائد ملزمان گرفتار اور 1866 مقدمات درج کئے گئے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 04 لاکھ 18 ہزار 284 پتنگیں، 13 ہزار 929 چرخیاں برآمد اور 1505 کیسز کے چالان جمع کروائے گئے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں 482 ملزمان گرفتار، 488 مقدمات درج، 19263 پتنگیں اور 714 ڈور چرخیاں برآمد کی گئیں۔ گذشتہ سال لاہور سمیت صوبہ بھر میں 12525 ملزمان گرفتار اور 11866 مقدمات درج کئے گئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پتنگ بازی ممانعت ترمیمی بل کے قانون پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔ آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز پتنگ بازوں، پتنگ فروشوں اور مینوفیکچررز کے خلاف کریک ڈاو¿ن میں تیزی لائیں۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ جان لیوا سرگرمی کی ہرگز اجازت نہیں اور خونی دھندے میں ملوث افراد کے خلاف زیرو ٹالرنس اپنائیں۔ دھاتی ڈور اور پتنگوں کے آن لائن کاروبار میں ملوث عناصر کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ والدین اپنے بچوں کو اس خونی کھیل سے دور رکھیں جبکہ شہری کسی بھی مقام پر پتنگ بازی کی صورت میں 15 پر اطلاع دے کر ذمہ داری کا ثبوت دیں۔
غازی اہلکاروں کی بہترین ہیلتھ ویلفیئر کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں: آئی جی

















