اسلام آباد:(بیورورپورٹ)6 بجلی کمپنیوں کی جانب سے اوور بلنگ کے نام پر عوام سے 21 ارب اضافی وصولی،ملوث افسروں،ملازمین کو بغیر سزا چھوڑ دیا گیا،انکشاف پبلک اکاونٹس کمیٹی کے اجلاس میں ہوا۔
جنید اکبر کی زیر صدارت اجلاس میں 21 ارب کی اوور بلنگ کے آڈٹ پیرا کا جائزہ لیا گیا،رکن بلال احمد نے کہا کیسے ہو سکتا ہے میٹر ریڈر اوور بلنگ کرے اور چھوڑ بھی دیا جائے، 6 بجلی کمپنیوں میں مسلسل اوور بلنگ ہو رہی ہے،حنا ربانی کھر نے کہا بجلی کمپنیاں غریب لوگوں کو اووربلنگ کرتی ہیں، ایک ایک غریب شخص پر 50 ہزار روپے اووربلنگ کی گئی، پی اے سی اووربلنگ پر کمپنیوں کےخلاف سخت ایکشن لے۔
چیئرمین پی اے سی جنید اکبر خان نے کہا اووربلنگ پر کن کےخلاف اور کیا ایکشن لیے گئے تفصیلات فراہم کریں، ایکسین اور ایس ڈی او کا کیا کام ہے وہ تو فیلڈ میں نہیں ہوتے،گاڑیوں میں گھومتے ہیں بھاری تنخواہیں لیتے ہیں،سی ای او گیپکو نے کہا ایکسین این اور ایس ڈی او اپنے علاقے کے ذمہ دار افسر ہوتے ہیں، انسانی غلطی کی وجہ سے کبھی کبھی اووربلنگ ہو جاتی ہے،رکن کمیٹی نے کہا کیا دو نمبری کرنےوالے ایکسین ،ایس ڈی او کےخلاف کارروائی ہوئی؟۔
رکن کمیٹی حنا ربانی کھر نے کہا میپکو میں اووربلنگ کے بار بار واقعات ہو رہے ہیں،صرف ایک شعبے کی وجہ سے پورا ملک بیٹھ گیا،آڈٹ حکام نے کہا میپکو میں 152 لوگ اووربلنگ میں ملوث نکلے تھے، ملوث ملازمین اور افسروں کو وارننگ دے کر چھوڑ دیا گیا۔
بجلی بلوں میں اووربلنگ کے نام پر عوام سے 21 ارب اضافی وصولی

















