وزیراعلیٰ پنجاب کارڈیک ہسپتالوں کی صلاحیت میں واضح بہتری لانا چاہتی ہیں :خواجہ سلمان رفیق

لاہور (ہیلتھ رپورٹر) صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اہم اجلاس منعقدہوا۔ اجلاس میں نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا، نوازشریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور اور نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ لاہور پر جاری پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود نے شرکت کی۔اجلاس میں وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز، سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ ذیشان شبیر رانا، ایڈیشنل سیکرٹریز ڈاکٹر وحید اصغر اور اشفاق الرحمن اور چیف پلاننگ آفیسر عبدالحق بھٹی بھی شریک ہوئے۔اجلاس میں آئی ڈیپ کے افسران نے تینوں اہم منصوبہ جات پر بریفنگ دی۔صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاپنجاب کے عوام کیلئے صحت کے تینوں پراجیکٹس کیلئے فنڈز کی کوئی کمی نہیں ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف صوبہ بھر کے کارڈیک ہسپتالوں کی صلاحیت میں واضح بہتری لانا چاہتی ہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب کے کارڈیک پروگرام کو کامیاب بنائیں گے۔دریں اثنا صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت پنجاب ہیلتھ انشی مینجمنٹ کمپنی میں بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 92 واں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کے دوران پی ایچ آئی ایم سی کے مختلف ایجنڈے پیش کئے گئے۔ اجلاس کے دوران پنجاب ہیلتھ انشی مینجمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے 91 ویں اجلاس کے منٹس کی منظوری دے دی گئی ہے۔ اجلاس کے دوران چیف منسٹرز سپیشل انشی ایٹو فار ٹرانسپلانٹ پروگرام سے متعلق مختلف اہم فیصلے لئے گئے۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صحت کے شعبہ میں تاریخی اور بنیادی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ چیف منسٹرز ڈائیلسز پروگرام، چیف منسٹرز سپیشل انشی ایٹو فار ٹرانسپلانٹ پروگرام اور چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام حکومت پنجاب کے صحت کے شعبہ میں فلیگ شپ پروگرامز ہیں۔ ان تینوں پروگرامز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے پنجاب ہیلتھ انشی مینجمنٹ کمپنی کو ایگزی کیوٹنگ ایجنسی بنایا گیا ہے۔ چیف منسٹرز سپیشل انشی ایٹو فار ٹرانسپلانٹ پروگرام کے پورے نظام کو انتہائی شفاف بنایا گیا ہے۔ ایک متوسط گھرانے کیلئے ٹرانسپلانٹ نہ ممکن ہے۔ حکومت پنجاب نے ٹرانسپلانٹ کروانے والے اور علاج کا خرچہ برداشت نہ کرنے والے مریضوں کی آسانی کیلئے ہی یہ پروگرام شروع کیا ہے۔ چیف منسٹرز سپیشل انشی ایٹو فار ٹرانسپلانٹ پروگرام کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مکمل کوارڈی نیشن کر رہے ہیں۔ اس پروگرام کے تحت مختلف ہسپتالوں کو ام پینل بھی کیا جا رہا ہے۔ اس حوالہ سے ٹیکنیکل کمیٹی کے ممبران نے مارکیٹ سروے بھی مکمل کر لیا ہوا ہے۔ دکھی انسانیت کے زخموں پر مرہم رکھنے کا ہر منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔ اجلاس میں سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن عظمت محمود نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں سی ای او پی ایچ آئی ایم سی ڈاکٹر علی رزاق، سی ای او پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن ڈاکٹر ثاقب عزیز، ڈاکٹر زاہد پرویز، پی آئی ٹی بی سے ڈائریکٹر نوشین فیاض، ڈاکٹر شجاعت علی، پروین آغا، ممبر ہیلتھ پی اینڈ ڈی شفاعت علی، ڈپٹی سیکرٹری محکمہ فنانس ذیشان و دیگر نے شرکت کی۔ ویڈیو لنک کے ذریعے ڈاکٹر عدنان خان اور ممبر ہیلتھ پی اینڈ ڈی نے بھی شرکت کی۔