جماعت اسلامی کا رمضان کے بعد بڑی احتجاجی تحریک کا عندیہ

لاہور (اپنے نمائندے سے) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے رمضان المبارک کے بعد بڑی احتجاجی تحریک شروع کرنے کا عندیہ دےدیا،پارٹی کی مجلس شوریٰ کے اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس میں عوام کے حقوق کےلئے جاری تحریک سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا گیا ، مجلس شوریٰ کے اجلاس میں رمضان المبارک کے بعد بڑی تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، آئی پی پیز کے معاہدہ میں تبدیلی کے باوجود عوام کو ریلیف نہیں مل رہا ، عوام کو بجلی کے بلوں اور پٹرول کی قیمت میں بڑا ریلیف ملنا چاہیے، پہلے مرحلے میں مرکزی شاہراہوں پر دھرنے دیں گے ، گورنر ہاوس اور پھر وزیر اعلیٰ ہاوس کا گھیراو کیا جائے گا ، حکومت کے پاس پھر عوام کو ریلیف دینے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ہوگا،کسا ن اگر جگہ جگہ اپنے حق کیلئے نکلیں گے تو حکومت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کریں گے، جماعت اسلامی عوام کی ترجمانی کرے گی، حکومت فارم 45 کی ہونی چاہیے، ہماری تحریک جاری ہے،تصادم کرنے سے معاملات حل نہیں ہوتے، پرامن سیاسی مزاحمت ہی مسئلے کا حل ہوتا ہے۔