جوش انگلس قذافی سٹیڈیم اور شائقین کے معترف ہوگئے
لاہور (مشرق نیوز) آسٹریلیا کے بیٹر جوش انگلس لاہور کے قذافی اسٹیڈیم اور یہاں آنے والے شائقین کے معترف ہوگئے، کہا کہ انہوں نے میچ کو بہت انجوائے کیا۔ قذافی سٹیڈیم میں انگلینڈ کے خلاف میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے جوش انگلس کا کہنا تھا کہ ہماری پارٹنرشپ بہت اچھی رہی۔ لبوشین اور شارٹ نے اچھا پلیٹ فارم دیا۔سنچری میکر بیٹر نے کہا کہ وکٹیں جلد گرنے کے باوجود رن ریٹ کو برقرار رکھا، میں نے سکور بورڈ کو زیادہ نہیں دیکھا۔انکا کہنا تھا کہ قذافی اسٹیڈیم کی پچ بہت اچھی رہی، 350 بڑا ہدف ہوتا ہے، وکٹ بہت اچھی تھی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس سے ہمیں پلیٹ فارم بنانے کا موقع ملا، یہ ایک سپیشل اننگز رہی، آئی سی سی ایونٹ ہے، اس کا اپنا امپیکٹ ہے۔اپنے اگلے میچ پر تبصرہ کرتے ہوئے جوش انگلس کا کہنا تھا کہ افغانستان کے خلاف پہلے بھی کھیل چکے ہیں، ہمیں ان کی صلاحیتیوں کا اندازہ ہے۔جوش انگلس نے سٹیڈیم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ماحول بہت شاندار تھا، نئے سٹینڈز بنے، شور ناقابل یقین تھا، بہت انجوائے کیا۔



















