ڈاکٹر بننا صرف ڈگری کا حصول نہیں، عظیم انسانی خدمت کا فریضہ ہے،ملک احمد خان

لاہور: (اپنے رپورٹر سے) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے اختر سعید میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے کانووکیشن تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر بننا صرف ڈگری حاصل کرنے تک محدود نہیں، بلکہ یہ ایک عظیم انسانی خدمت کا فریضہ ہے۔ ایک کامیاب ڈاکٹر وہی ہوتا ہے جو اپنے پیشے کو صرف ذریعہ معاش نہ سمجھے بلکہ انسانی فلاح و بہبود کو اپنی اوّلین ترجیح بنائے۔سپیکر پنجاب اسمبلی نے میڈیکل کے شعبے میں والدین کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے، نجی میڈیکل کالجز میں تعلیم کے بڑھتے ہوئے اخراجات پر روشنی ڈالی اور امید ظاہر کی کہ والدین کی محنت اور قربانیاں ضرور بار آور ثابت ہوں گی

ملک احمد خان نے ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر صحت کے شعبے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے نجی میڈیکل اداروں کی خدمات کو سراہا اور بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سے صحت کے شعبے کی ترجیحات اور بجٹ میں اضافے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔دیہی علاقوں میں صحت کی سہولیات کی موجودہ صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے، سپیکر نے کہا کہ وہ خود ایک دیہی علاقے سے تعلق رکھتے ہیں اور حکومت پنجاب رورل ہیلتھ سینٹرز کی بحالی کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ تاہم، صحت کے شعبے میں نجی اداروں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ دیہی آبادی کو معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔تقریب کے اختتام پر، سپیکر پنجاب اسمبلی نے کامیاب ہونے والے نوجوان ڈاکٹروں کو مبارکباد دی اور کہا کہ والدین اور اساتذہ کے لیے اس سے بڑھ کر کوئی خوشی نہیں ہو سکتی کہ وہ اپنے بچوں کو کامیابی کے ساتھ تعلیم مکمل کرتا دیکھیں۔