ٹیرف نظام میں اصلاحات ،ادویات کی جعلسازی روکی جائے،وزیراعظم

اسلام آباد: (بیورورپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے معاشی ٹیم کو ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے معاشی ترقی و برآمدات کو فروغ دینے کےلئے ٹیرف نظام میں پائیدار اصلاحات متعارف کرائی جائیں۔

ملکی برآمدات بڑھانے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پرجائزہ اجلاس ہوا، وزیراعظم نے کہا آئندہ 5 سال میں ملکی برآمدات 60 بلین ڈالر تک لےجانے کےلئے جامع و موثر حکمت عملی تشکیل دی جائے،شہباز شریف نے برآمدات میں اضافے کےلئے سروسز، آئی ٹی اور زراعت کے شعبوں کو خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا برآمدات پر مبنی معاشی ترقی ”اڑان پاکستان“ ویژن کا اہم جزو ہے۔

علاوہ ازیں ایک اور اجلا س کی صدارت کرتے ہوئے و زیراعظم شہباز شریف نے حکام کو ادویات کی جعل سازی روکنے اور ملوث افراد کےخلاف قانونی کارروائی کی ہدایت کردی،ملک میں ادویات کا عالمی معیار یقینی بنانے کےلئے اسلام آباد میں بین الاقوامی سطح کی ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری قائم کی جائے،جعل سازوں کو انسانی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دے سکتے، صوبائی حکومتوں کےساتھ تعاون سے دواسازی شعبے کی ترقی اور بہتر ریگولیشن کےلئے جامع پلان مرتب کرکے پیش کیا جائے،دواسازی شعبے میں تحقیق سے دواوں کی برآمدات میں اضافہ یقینی بنایا جائے۔