لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے اچانک زیرتکمیل سمارٹ پولیس سٹیشن اسلام پورہ کا دورہ کیا۔ سمارٹ پولیس سٹیشن اسلام پورہ کے مختلف حصے دیکھے اور تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔ ترجمان پنجاب پولیس پنجاب پولیس نے بتایا کہ آئی جی پنجاب نے فرنٹ ڈیسک، انتظار گاہ، ایس ایچ او و انوسٹی گیشن رومز، حوالات اور مال خانہ سمیت مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔آئی جی پنجاب نے متعلقہ افسران کو سمارٹ پولیس سٹیشن کا تعمیراتی کام اسی ماہ مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب کے گنجان آباد علاقوں میں سمارٹ پولیس سٹیشنز جدت اور سہولیات سے ہم آہنگ ہیں اورسمارٹ پولیس سٹیشن کی تعمیر میں سکیورٹی کو خاص طور پر ملحوظ خاطر رکھا گیا ہے۔لاہور میں 22، صوبہ بھر میں 39 سمارٹ پولیس سٹیشنز تیزی سے تکمیل کی آخری مراحل میں ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ تمام سمارٹ پولیس سٹیشنز سپیشل انیشئیٹو پولیس سٹیشنز پروٹوکول اور ایس او پیز پر فنکشنل ہونگے۔ سمارٹ پولیس سٹیشن گنجان آباد علاقوں میں ایک سے 2 کنال اراضی پر تعمیر کئے جا رہے ہیں۔لاہور پولیس کے تمام سمارٹ پولیس سٹیشنوں سرکاری اراضی پر ماضی کی نسبت کم لاگت میں تعمیر کئے جا رہے ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ تھانہ اسلام پورہ لاہور پولیس کے کرایوں کی بلڈنگز میں قائم 10 پولیس سٹیشنوں قبل ازیں کروڑوں روپے کرایوں کی مد میں ادا کر رہے تھے۔سرکاری اراضی پر 10 سمارٹ پولیس سٹیشنوں کی تعمیر سے قومی خزانے کو سالانہ کروڑوں روپے کی بچت ہوگی۔پولیس سٹیشن اسلام پورہ، ساندہ، ملت پارک، گجر پورہ، کوٹ لکھپت،پولیس سٹیشن شالامار، سمن آباد، شفیق آباد، شاد باغ اور جوہر ٹاون بھی قبل ازیں کرایوں کی بلڈنگز میں تھے اور کروڑوں روپے سالانہ کرایوں کی مد میں ادا کر رہے تھے۔ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ ملتان میں 03، فیصل آباد، گوجرانوالہ، رحیم یارخان، راولپنڈی اور سیالکوٹ میں 2 جبکہ اٹک، گجرات، ساہیوال اور شیخوپورہ میں ایک سمارٹ پولیس سٹیشن تعمیر کیا جا رہا ہے۔
سمارٹ پولیس سٹیشنوں کی تعمیر سے حکومت کو سالانہ کروڑوں کی بچت ہوگی:آئی جی



















