سنیارٹی معاملے پرچیف جسٹس کے تحفظات سے متفق نہیں،اٹارنی جنرل

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)جسٹس سرفراز ڈوگر کی سنیارٹی معاملے پرچیف جسٹس،اٹارنی جنرل کے موقف میں تضاد سامنے آگیا۔

رپورٹ کے مطابق اٹارنی جنرل نے تحریری طور پر جوڈیشل کمیشن میںموقف اپنایاچیئرمین جوڈیشل کمیشن چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کے تحفظات سے متفق نہیں، ہائیکورٹ سے جج کا ٹرانسفر عارضی نہیں ہوتا،تبادلہ پبلک انٹرسٹ کے تحت کیا گیا، صدر مملکت،متعلقہ چیف جسٹسز ہائی کورٹ سے مشاورت کی گئی، جسٹس سرفراز ڈوگر سے کہا گیا مفاد عامہ کے تحت اپنی رضا مندی کا اظہار کریں، ٹرانسفر ہونے والے جج نے مفاد عامہ کے تحت ہی تبادلے کیلئے رضامندی ظاہر کی نہ ذاتی مفاد کیلئے۔

منصور عثمان اعوان نے کہاجسٹس سرفراز ڈوگر کی سنیارٹی سب سے نیچے کی جاسکتی نہ ہی جج سول سرونٹ ہوتا ہے،سول سرونٹ ملازمین کے رولز کا اطلاق اعلیٰ عدلیہ کے ججز پر نہیں ہو سکتا،آئین نے ججز کیلئے الگ سے سروس شرائط و ضوابط طے کر رکھے ہیں، کسی جج کی سنیارٹی کا معاملہ جوڈیشل کمیشن میں نہیں اٹھایا جاسکتا، آرٹیکل 184 کی شق 3 کے تحت درخواست دائر کرکے ہی عدالتی سائیڈ پر ہی طے ہو سکتا ہے۔

اٹارنی جنرل نے کہا جب جج ٹرانسفر ہوکر دوسری ہائیکورٹ میں آتا ہے تو نئے حلف لینے کی ضرورت ہی نہیں ہوتی، آئین میں بھی کہیں نہیں لکھا جج ٹرانسفر ہوکر دوبارہ حلف لے گا، اٹارنی جنرل نے ماضی میں لاہور ہائی کورٹ کیلئے جسٹس فرخ عرفان ، مظاہر نقوی اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ریاض احمد خان اور انور کانسی کی سنیارٹی کا ایشو بھی ہائی لائٹ کیا اورکہا معاملہ سپریم کورٹ میں ہی طے ہوا۔