چھبیسویں ترمیم کے بعد عدالتوں کو کنٹرول کیا جا رہا ہے: عمران خان

راولپنڈی (بیورو رپورٹ) بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے 26 ویں ترمیم کے بعد عدالتوں کو کنٹرول کیا جارہا ہے، اڈیالہ جیل کے اندر بھی کنٹرولڈ ماحول میں ٹرائل کیا جارہا ہے۔ان خیالات کا اظہار اڈیالہ جیل کے باہر عمران خان کے وکیل فیصل چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔فیصل چودھری کے مطابق عمران خان نے کہا خط کے مندرجات بہت اہم ہیں ان پر نظر ثانی کی جانی چاہیے،عوام اور فوج کے مابین فاصلے بڑھ رہے ہیں، پاکستان رول آف لاءانڈیکس پر 140 ویں نمبر پر ہے ،ملک کی بہتری کیلئے بات کرتے رہیں گے، دہشت گردی کےخلاف جنگ جیتنے کیلئے عوام اور فوج کا ایک ساتھ ہونا ضروری ہے، جمہوریت ختم ہے، عدلیہ کنٹرول ہے ہمیں احتجاج نہیں کرنے دیا جارہا، خط لکھنے کا مقصد اہم معاملات کی طرف توجہ دلانا ہے،فیصل چودھری نے مزید کہا صحافیوں اور وکلاءمیں پک اینڈ چوز کیا جاتا ہے، وکلاءکی فائلوں کوسکین کرکے کہیں اور بھیجا جاتا ہے، بانی اور بشریٰ سیاسی عداوت کا نشانہ بنائے جارہے ہیں، ہم عالمی میڈیا سے بھی مخاطب ہیں بانی کو اوپن ٹرائل کا حق نہیں دیا جارہا، بانی کو فیئر ٹرائل کا کوئی حق نہیں دیا جا رہا، آئین اور قانون کے تحت فیئر ٹرائل چاہتے ہیں،علاوہ ازیں بانی چیئرمین عمران خان نے آئندہ ہفتے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو ایک اور کھلا خط لکھنے کا اعلان کر دیا، علیمہ خان نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بانی نے صوابی جلسے پر عوام کو خراج تحسین پیش کیا ہے، بانی نے کہا آزادی کی جنگ ختم نہیں ہوئی ہے، 26 نومبر کو نہتے عوام پر گولیاں چلائی گئیں،بانی نے کہا ہے جو لوگ جنگ میں شریک ہیں، تاریخ انہیں یاد رکھے گی، بانی نے پنجاب کی عوام کا بھی شکریہ ادا کیا ہے۔