بھارت 5 اگست کی سوچ سے نکل کر بامعنی مذاکرات کرے ،وزیراعظم

مظفر آباد: (بیورو رپورٹ) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ 5 فروری پکار پکار کر یاد دلاتاہے کہ کسی 5 اگست سے کشمیر بھارت کا حصہ نہیں بن سکتا،آزادانہ اور منصفانہ حق رائے دہی کے ذریعے تنازع کا حل ہی خطے ، دنیا میں امن کا واحد راستہ ہے،بھارتی فوج کی تعداد میں اضافے سے کشمیریوں کی آزادی تڑپ اور بڑھ رہی ہے،5 اگست کی سوچ سے باہر نکلنا بھارت کے مفاد میں ہے، اسلحہ کے انبار جمع کرنے سے خطے کے غریبوں کی زندگی نہیں بدلے گی،کلبھوشن اور ابھی نندن ملکی عسکری صلاحیت کا زندہ ثبوت ہیں۔

مظفر آباد میں آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ 24 کروڑ عوام کی جانب سے کشمیری بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کےلئے حاضر ہوا ہوں، عظیم شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں،شہدا نے 7 دہائیوں سے زائد عرصے سے اپنے لہو سے آزادی کی ناقابل فراموش داستان لکھی ،حق ملنے تک کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں،کشمیریوں نے ولولہ انگیز جدوجہد سے بھارت کے فوجی غرور کو شکست فاش دی ، بھارتی فوج نے ہر طرح کا ظلم و جبر ڈھایا اور وادی کشمیر کو بے گناہ کشمیریوں کے خون سے سرخ کردیا مگر کشمیریوں کا عزم آزادی مضبوطی سے ڈٹا ہے۔

وزیراعظم نے کہا5اگست کے بھارتی اقدام کو کوئی نہیں مانتا،بابائے قوم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا، کشمیر ، پاکستان کے تعلق کو اوربہتر و جامع انداز میں بیان نہیں کیا جاسکتا،تنازع کا حل کشمیری عوام کی خواہشات ،سلامتی کونسل قرار دادوں کے مطابق حق رائے دہی کے آزادانہ، منصفانہ ،غیر جانبدارانہ استعمال کے ذریعے ہوگا، خطے ، دنیا میں پائیدار امن کی ضمانت کا بس صرف یہی واحد راستہ ہے۔

شہبازشریف نے کہاپوری دنیا کے جمہوری مزاج رکھنے والے ممالک، ادارے، تنظیمیں، بین الاقوامی اصول، عالمی قوانین اور مہذب انسان فلسطین و کشمیر کے عوام کے جمہوری حق کی حمایت کرتے ہیں، دنیا میں انصاف ، جمہوریت کے 2الگ الگ قانون و معیارات اور عالمی قانون کے نفاذ میں امتیاز قبول نہیں کیا جاسکتا،بھارت کشمیریوں کیشناخت چھیننے اورسرزمین سے بے دخل کرنے کاخیال دل سے نکال دے،ہر طرح کے مذموم حربے ،ہتھکنڈے ناکام رہیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کشمیریوں کا لہو بہانے، گھر جلانے، نوجوانوں کو ماورائے عدالت قتل کرنے، بچوں ،بچیوں کو شہید کرنے، کشمیری قائدین کو قید کرنے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا، بھارت کے مفاد میں یہی بہتر ہے 5 اگست 2019 کی سوچ سے باہر نکلے اور سلامتی کونسل قراردادوں پر عمل ، کشمیریوں اور دنیا سے کیے گئے اپنے وعدوں پر کو پورا کرتے ہوئے بامعنی و نتیجہ خیز مذاکرات کرے۔

شہبازشریف نے کہاپاکستان نے ہمیشہ دنیا ، خطے میں پائیدار امن ،ہمسایوں سے پرامن بقائے باہمی کے اصولوں کے مطابق رہنے کے روئیے کو اپنایا، چاہتے ہیں بات چیت کے سفارتی و جمہوری اصولوں کے مطابق جموں و کشمیر سمیت تمام تنازعات کو پرامن ذرائع سے حل کیا جائے،اسلحے کے انبار جمع کرتے رہنے سے خطے کے غریبوں کی زندگی نہیں بدلے گی، تعلیم و صحت کے انقلاب نہیں آئیں گے، بھارت کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں، علم کا دور ہے ،علم کی بلندی ، انسانیت کی بہتری کےلئے ایک دوسرے سے بڑھ کر کچھ کر دکھانا ہوگا، لہو بہانے والوں کو ہمیشہ ظالم اور قاتل کے طور پر یاد رکھا جائے گا، انسانیت کا دکھ دور کرنے والے ہی تاریخ میں عزت کا مقام پاتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہاپاکستان کی امن پسندی کوئی کمزوری نہیں، مضبوط، جذبہ شہادت سے لیس ،پیشہ وارانہ مہارت سے دنیا میں اپنی صلاحیت کا لوہا منوانے والی فوج دفاع و سلامتی کا آہنی حصار ، ناقابل تسخیر فصیل ہے،قیام پاکستان سے لےکر آج تک ہر جارحیت کا دندان شکن جواب دیا، کلبھوشن اور ابھی نندن عسکری صلاحیت کا زندہ ثبوت ہیں، صلاحیت پوری قوم کی آن و شان ،سرمایہ افتخار ہے۔

شہبازشریف نے کہا کہ جب ضرورت پڑی اپنے قومی مفادات کے تحفظ کےلئے پوری قوت استعمال کریں گے اور قطعاً نہیں ہچکچائیں گے،جوہری دھماکے اعلان تھا اپنی خودمختاری ،دفاع پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے، جوہری دھماکوں کے بعد بھارتی وزیراعظم واجپائی وزیراعظم نواز شریف کے پاس چل کر پاکستان آئے اور اعلان لاہور ہوا ، دونوں ممالک نے جموں کشمیر سمیت تمام متنازع معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے پر اتفاق کیالہٰذا آگے بڑھنے کا راستہ وہی جو اعلان لاہور میں لکھاہے۔

قبل ازیںوزیراعظم شہباز شریف سے دورہ آزاد کشمیرکے موقع پر آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنماوں نے ملاقات کی،شہبازشریف نے کہاکشمیری بھائیوں ،بہنوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت کا اعادہ کرتے ہیں،حق خودارادیت کے حصول کی جد وجہد میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،عالمی برادری کو کشمیر میں بھارتی جارحیت ، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کےخلاف اقدامات اٹھائے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے کہاجموں و کشمیر کا تنازع پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے اور رہے گا۔